متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے رہنما خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ عدالتوں پر ہمارا اعتماد بڑھا ہے، پاکستان کے تمام لوگوں کو برابر کا وفادار اور حقدار سمجھا جائے گا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ یہ ایک تاریخی فیصلہ ہے، جس نے پاکستانی کی جمہوریت، نظام، معیشت اور معاشرت کو ایک نیا مقام دیا ہے۔
خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم بار کونسل کا بھی شکریہ ادا کرتے ہیں کہ وہ اس موقع پر سچ کے ساتھ کھڑے رہے۔
اس موقع پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے بھی تمام وکلاء برادری کو مبارکباد پیش کی۔
اس سے قبل ایم کیو ایم رہنما فیصل سبزواری کا پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ ہمیں تو انہوں نے غدار قرار دیا تھا، سپریم کورٹ نے ان کے الزامات کو ان کے منہ پر دے مارا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ آئین شکنی کا راستہ کسی بھی صورت میں روکنا چاہیے، کسی کو کافر اور غدار قرار دینے کا سلسلہ روکنا چاہیے۔
واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد مسترد ہونے کے بعد سپریم کورٹ کی جانب سے لیے گئے ازخود نوٹس کا فیصلہ سنایا گیا۔
فیصلے میں ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے عدالت عظمیٰ نے تحلیل کی گئی اسمبلی کو بحال کردیا۔
سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کے اسپیکر کو ہفتے کی صبح اسمبلی کا اجلاس بلانے اور تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کروانے کا حکم دے دیا۔
Comments are closed.