کراچی میں پاکستان تحریک انصاف نے وزیر اعظم عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لئے لیاری نیاآباد میں پاور شو کا مظاہرہ کیا، جلسے میں پی ٹی آئی کے رہنمائوں سمیت کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی، جلسے کے آخر میں پی ٹی آئی کارکنان نے سیاسی مخالفین کے پتلے جلائے۔
جلسے میں رکن سندھ اسمبلی راجہ اظہر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری میں آج وزیراعظم سے یکجہتی کرنے آئے ہیں، بلاول کو بھی خان صاحب کا ڈائیلاگ یاد ہوگیا ہے، یہ لوگ پاکستان کو دنیا کے بیچنا چاہتے ہیں،عمران خان نے ایک بال سے 11 وکٹیں گرا دی ہیں۔
رکن سندھ اسمبلی سعید آفریدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان پہلے بھی اسمبلی توڑ سکتا تھا لیکن عمران خان نے ان غداروں کے چہرے عوام کو دکھانے تھے، عمران خان کو کورونا میں پوری دنیا نے خراج تحسین پیش کیا، سندھ کے علاوہ ہر صوبے میں ہر شخص کے پاس ہیلتھ کارڈ ہے۔
پی ٹی آئی کے پارلیمانی لیڈر خرم شیر زمان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری والوں آپ دوبارہ تیاری پکڑیں، جیسے بلاول کو ہرایا ویسے پی پی کا اس لیاری میں منہ کالا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس صوبے کی بیماری آصف زرداری کو لیاری سے شکست دینی ہے، پی پی شہید محترمہ کی سیاسی جماعت نہیں ہے۔
خرم شیرزمان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کا وہ حال ہوگا کہ منہ دکھانے کے لائق نہیں ہونگے۔
اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے لیاری جلسے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لیاری والوں کو سلام پیش کرتا ہوں، بھٹو کا لیاری اب کپتان کا لیاری ہے، لیاری والے کہہ رہے ہیں ہم بھکاری نہیں ہیں، جو لیاری سے ہار کر گیا اس نے اپنے لیے فراک بنوالی تھی۔
صدر پی ٹی آئی کراچی بلال غفار نے لیاری میں خطاب کرتے ہوئے کارکنان سے کہا کہ کراچی والوں کا فیصلہ ہے وہ عمران خان کے ساتھ ہیں، عمران خان نے قوم کے سامنے بین الاقوامی سازش کو بے نقاب کیا۔
انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی تمام زبانیں بولنے والوں کا گلدستہ ہے،یہ کہتے تھے عمران خان کو سیاست نہیں آتی، یہ فیصلہ کن جنگ ہے ہر فرد نے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
لیاری جلسے کے آخر میں کارکنان نے سیاسی مخالفین کے پتلے بھی جلائے۔
Comments are closed.