چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجا نے کہا ہے کہ آسٹریلیا سے سیریز کے بعد کسی ملک کے پاس پاکستان دورہ نہ کرنے کا جواز نہیں۔
کراچی میں ویمن پی ایس ایل کو فروری میں لانچ کرنے سے متعلق رمیز راجا نے میڈیا سے گفتگو کی۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ مشکلیں مجھ پر پڑیں اتنی کہ آسان ہوگئیں، اندازہ نہیں تھا کہ چیئرمین بنتے ہی نیوزی لینڈ کی ٹیم والا واقعہ ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے فیصلے کے بعد معلوم نہ تھا کہ کیا ہوگا، آسٹریلیا کے خلاف سیریز کو کامیاب بنانے کے لیے کافی راتیں جاگ کر گزاریں۔
پی سی بی چیئرمین نے مزید کہا کہ مدتوں بعد ایک کوالٹی ٹیم کے خلاف ہوم گراونڈ پر ٹیسٹ سیریز کھیلی، آسٹریلیا سے جو صحافی آئے وہ بھی اچھے پیغامات لے کر گئے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ سیریز میں اسپورٹس مین اسپرٹ کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا، پوری دنیا کی نظریں آسٹریلیا کی سیریز پر تھیں، اب کسی ملک کے پاس جواز نہیں کہ پاکستان کا دورہ نہ کرے۔
رمیز راجا نے یہ بھی کہا کہ آسٹریلین کرکٹرز کو بھی احساس تھا کہ وہ پاکستان کے لیے اپنا حصہ ڈال سکیں، لوگوں نے دورہ خراب کرنے کی کوشش کی مگر آسٹریلینز نے بڑے پن کا مظاہرہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ سیکیورٹی کی وجہ سے عوام کو مسائل نہ ہوں، امید ہے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز عام سیریز کے طور پر کروائیں گے۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ ہمیں میڈیکل بورڈ سے اشارے ملے ہیں کہ کووڈ کا خطرہ اب پہلے جیسا نہیں رہا۔
اُن کا کہنا تھا کہ چار ملکی کرکٹ کے لیے کافی باتیں ہورہی ہیں، لیگز کی تعداد بڑھنے کی وجہ سے ملکوں کے درمیان کرکٹ کم ہونے لگی ہے۔
رمیز راجا نے کہا کہ جب بہادری سے فیصلے کریں گے تو کرکٹ اوپر جائے گی، کچھ لوگوں کو خدشہ ہے کہ 4 ملکی سیریز سے دیگر ایونٹس کا ریونیو متاثر ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہفتے 10 دن کی ونڈو میں ساڑھے 6 سو ملین ڈالرز کی آمدن ہوسکتی ہے، ہم ایف ٹی پی میں دو طرفہ کی بجائے کم از کم سہ فریقی سیریز کی جانب جانا چاہتے ہیں۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ ٹیسٹ سیریز میں کم از کم تین میچز کا ہونا ضروری ہے، کپتان کو مکمل اختیار دیا ہوا ہے، چیزیں ٹھیک ہو رہی ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ اس ٹیم نے بہت سے نئے فینز حاصل کیے، لوگوں کی توقعات بڑھ گئی ہیں، سیزن ختم ہوا ہے اب وکٹوں پر کام کریں گے، آسٹریلیا سے کیوریٹر بلارہے ہیں۔
رمیز راجا نے کہا کہ جب تک پچز ٹھیک نہیں ہوتی، بیٹنگ ٹھیک نہیں ہوگی، ہمیں دیکھنا ہے کہ اچھی ٹیمیں ایک ایک چیز کو کیسے ہینڈل کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ون ڈے سیریز جیتنا بہت بڑی فتح ہے، ریکارڈ چیز کیا، کراچی ٹیسٹ میں بھی ٹیم نے ورلڈ کلاس پرفارمنس دکھائی۔
پی سی بی چیئرمین نے کہا کہ ورلڈ کپ میں انڈیا کو ہرانا بہت بڑی جیت تھی، ایک ذہنی دباؤ سے آزاد ہوئے۔
Comments are closed.