مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے پرویز الہٰی کو اپنی ساکھ بچانے کا مشورہ دے دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کے دوران خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی اپنی ساکھ بچائیں، اس جنگ میں نہ اتریں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی خواہش کا نواز شریف نے احترام کیا، باتیں طے ہوچکی تھیں، آپ جس دن بنی گالہ گئے، اُس صبح اسحاق ڈار کو فون کیا۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ بہت سارے ایم پی ایز دو، ڈھائی سال سے عثمان بزدار سے تنگ ہیں، آنے والی حکومت 5 سال کے لیے آئے، جو مسلط نہ کی گئی ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر ضرورت پڑی تو پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے متعلق فیصلہ ایک آدھ دن میں ہوجائے گا۔
سعد رفیق نے یہ بھی کہا کہ عمران خان اور دیانت داری دو الگ چیزیں ہیں، کوئی خط نہیں ہے، وہ ایک سازشی ہیں، ان کی ساری سیاست جھوٹ، فراڈ اور الزامات پر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر خط ہے تو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلائیں وہاں خط رکھیں، جب عمران خان نکلیں گے تو پتا چلے گا کہ یہ پاکستان کے ساتھ کیا کچھ کرگئے۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان بادشاہ بندے ہیں، اگر اب بھی سمجھ رہے ہیں کہ رہ پائیں گے ،اپنی انا ایک طرف کریں اور مان لیں کہ اکثریت کھوچکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جب یہ اپنے مخالفین کو چوہا کہہ رہے تھے تو ان کے کچھ ساتھی عمران خان کو الیکشن کروانے کا کہہ رہے تھے۔
سعد رفیق نے کہا کہ عمران خان کو استعفیٰ دے کر نئے الیکشن کروانے چاہئیں، استعفے کے لیے ان کے پاس چند گھنٹے ہیں، عمران خان کو کوئی ایک گھنٹہ بھی دینے کو تیار نہیں یہ جھوٹ بولتے ہیں۔
انہوں نےکہا کہ کسی کو بیچ میں ڈالنے کی ضرورت نہیں، اسمبلی میں نئے انتخابات کا اعلان کریں، اگر اعتماد والی بات ہوتی تو اس پر سوچا جاسکتا تھا، ہمیں عمران خان پر کوئی اعتبار نہیں۔
ن لیگی رہنما نے کہا کہ یہ آج رات فیصلہ کرلیں اور نئے الیکشن کی طرف جائیں، عمران خان کل اسمبلی اجلاس آئیں اور وہاں اعلان کریں۔
اُن کا کہنا تھا کہ پوری دنیا یوکرین حملے پر روس کی مذمت کررہی تھی اور عمران خان وہاں کھڑے تھے۔
Comments are closed.