دلیپ سنگھ: انڈیا کا دورہ کر رہے انڈین نژاد اعلیٰ امریکی اہلکار کون ہیں؟
روس کے خلاف سخت اقتصادی پابندیوں کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا ہے
امریکہ میں بین الاقوامی اقتصادیات کے نائب مشیر (ڈپٹی این ایس اے) دلیپ سنگھ انڈیا کے دو روزہ دورے پر ہیں۔
انڈین نژاد دلیپ سنگھ نے روس کے خلاف سخت اقتصادی پابندیوں کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے منگل کو بتایا تھا کہ دلیپ سنگھ 30 اور 31 مارچ کو انڈیا کا دورہ کریں گے۔
امریکہ کے اعلیٰ اہلکار کا یہ دورہ ایک ایسے وقت میں ہو رہا ہے جب روس کے یوکرین پر حملے کی وجہ سے کئی مغربی ممالک نے روس سے تعلقات منقطع کر لیے ہیں تاہم انڈیا نے اپنے تعلقات برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
سخت عالمی اقتصادی پابندیوں کے باوجود انڈیا روس کے ساتھ تجارت بھی جاری رکھے ہوئے ہے۔
وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کونسل کی ترجمان ایملی ہورن نے بتایا کہ دلیپ سنگھ روس کی ‘نامناسب جنگ’، اس کے نتائج اور عالمی معیشت پر اس کے اثرات پر اپنے ہم منصبوں کے ساتھ بات کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ دلیپ سنگھ اِنڈو پیسفِک اِکمانمک ڈھانچے کے ساتھ ساتھ اقتصادی تعلقات اور سیاسی شراکت کے بارے میں بھی بات کریں گے۔
روس کے وزیر خارجہ کا انڈیا کا دورہ
اعلیٰ امریکی عہدیدار کے انڈیا کے دورے کے بعد روس کے وزیر خارجہ انڈیا کا دورہ کرنے والے ہیں۔
روس اور امریکہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے اس دورے کو انڈیا کے نقطہ نظر سے بہت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لیوروف جمعے کو انڈیا پہنچ سکتے ہیں لیکن سرکاری طور پر ابھی تک اس کی کوئی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔
روسی وزیر خارجہ بھی انڈیا پہنچ رہے ہیں
انگریزی اخبار ‘دی ہندو’ نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا ہے کہ لیوروف کے اس دورے کے دوران یوکرین کے خلاف جنگ اور تیل کی خریداری پر بات ہوگی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ لیوروف یوکرین کے خلاف لڑائی کے بارے میں معلومات دے سکتے ہیں اور ساتھ ہی انڈیا کو تیل میں رعایت دینے پر بھی بات کر سکتے ہیں۔ عالمی پابندیوں کے باوجود انڈیا روس سے تیل خرید رہا ہے اور چاہتا ہے کہ اسے تیل میں مزید رعایت دی جائے۔
یہ بھی پڑھیے
انڈین اور روسی بینکوں کے درمیان ادائیگی کے طریقہ کار پر بات چیت کے لیے روس کے مرکزی بینک کی ایک ٹیم اس ہفتے انڈیا کا دورہ کرنے والی ہے۔ اس میں روپے اور روبل کے لین دین کو بھی حتمی شکل دی جا سکتی ہے۔
دلیپ سنگھ نے ایم بی اے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اقتصادیات میں ماسٹر آف ایڈمنسٹریشن کیا ہے
روس کے حوالے سے انڈیا کے موقف سے غیر مطمئن
پیر کے روز ایشیا پیسیفیک کے لیے یورپی یونین کے خصوصی ایلچی گیبرئل وِسنٹائن انڈیا کے دورے پر پہنچے۔ تھے جس دوران انہوں نے لیوروف کے دورے پر بھی بات کی۔
گیبرئل وِسنٹائن نے ‘دی ہندو’ کو بتایا کہ یورپی یونین روس کے خلاف ووٹنگ کے دوران انڈیا کے غیر حاضر ہونے سے ‘خوش نہیں’ تھی۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین نئی دہلی کو یہ نہیں بتا سکتی کہ اسے کیا کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘یورپی یونین کسی ایسے اقدام کا خیرمقدم نہیں کرے گی جس سے روس کے خلاف امریکہ، اس کے اتحادیوں اور یورپی یونین کی پابندیوں کو نظرانداز کرنے میں مدد ملے’۔
دلیپ سنگھ کون ہیں؟
46 سالہ دلیپ سنگھ، دلیپ سنگھ سوند کے پڑپوتے ہیں، جو امریکی پارلیمنٹ کے لیے منتخب ہونے والے پہلے ایشیائی نژاد امریکی تھے۔
دلیپ سنگھ نے ایم بی اے کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی اقتصادیات میں ماسٹر آف ایڈمنسٹریشن کیا تھا۔ انہوں نے میساجیوٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی اور ہارورڈ کینیڈی سکول سے تعلیم حاصل کی۔
اوباما انتظامیہ کے دوران، وہ نائب معاون سیکرٹری برائے خزانہ برائے بین الاقوامی امور اور قائم مقام اسسٹنٹ سیکرٹری برائے خزانہ برائے مالیاتی منڈی رہے تھے۔
دلیپ سنگھ نے بائیڈن انتظامیہ میں روس کے خلاف اقتصادی پابندیوں کے نفاذ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ ان پابندیوں کا روسی معیشت پر بہت زیادہ اثر پڑ رہا ہے۔
Comments are closed.