اسلام آباد: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی) نے یوم علی رضی اللہ تعالی عنہہ ، اعتکاف، شب قدر کی مناسبت سے طاق راتوں میں اجتماعات اور جمعتہ الوداع کے لئے گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔
تفصیلات کے مطابق این سی او سی کی جانب سے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ یوم علی کرم اللہ وجہہ پر ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایاجائے جبکہ یوم علی کرم اللہ وجہہ پر کورونا علامات والے افراد کو مجالس میں شرکت کی اجازت نہ دی جائے۔
این سی او سی کے مطابق یوم علی کی مناسبت سے مجالس آن لائن ہوں یا پھر آئوٹ ڈور منعقد کی جائیں، علما اور ذاکرین کو کورونا منفی رپورٹ ہونے پر ہی خطاب کی اجازت دی جائے۔
گائیڈ لائنز میں مزید کہا گیا ہے کہ کورونا علامات والے افراد مسجد کے بجائے گھر میں ہی اعتکاف کریں، معتکفین مسجد میں بستر سمیت دیگر سامان گھر سے لائیں اور مشترکہ سحر و افطار سے گریز کریں۔
گائیڈ لائنز کے مطابق جمعتہ الوداع کے لئے نمازی جائے نماز ساتھ لائیں اور وضو گھر سے کرکے آئیں، جمعتہ الوداع کے اجتماعات میں نمازیوں کے آنے اور جانے کا الگ راستہ رکھا جائے، داخلی راستے پر تھرمل اسکیننگ اور سینیٹائزر کا بندوبست یقینی بنایا جائے۔
گائیڈ لائنز میں مزید کہا گیا ہے کہ صفوں کے درمیان فاصلہ رکھا جائے وضوخانوں میں بھیڑ نہ لگائی جائے، مساجد میں شب قدر کی مناسبت سے طاق راتوں میں ہونے والے اجتماعات میں بچے اور 50 سال سے زیادہ عمر کے افراد نہ آئیں
Comments are closed.