راولپنڈی: پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے کہ ہمارے پاس طالبان کی نیت پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں، بھارتی میڈیا نے طالبان کے پنجشیر پر حملے کے حوالے سے خود کو پیش کیا ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ ان کا میڈیا جعلی خبروں اور جھوٹی گھڑی گئی کہانیوں پر پروان چڑھتا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان سلامتی یقینی بنانے کیلئے طالبان کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے، طالبان سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ اپنے قومی مفاد کا تحفظ کرسکیں، طالبان نے کئی مواقع پر دہرایا ہے کہ پاکستان کے خلاف افغان سرزمین استعمال نہیں کرنے دی جائے گی اور ہمارے پاس ان کی نیت پر شک کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔
میجر جنرل بابر افتخار کا کہنا تھا کہ بارڈر منیجمنٹ میں مسلسل بہتری لائی جا رہی ہے اور مستقبل قریب میں بارڈر کو مکمل محفوظ بنا دیا جائے گا، پاکستان نے بارڈر کے 90 فیصد حصے پر باڑ لگانے کا کام مکمل کر لیا ہے، بارڈر مینجمنٹ میں مسلسل بہتری لائی جارہی ہے اور ہم پر امید ہیں کہ مستقبل قریب میں اس کو مکمل طور پر محفوظ بنا دیا جائے گا۔
ترجمان پاک فوج نے کہا کہ ہمارا ہمیشہ سے مقصد سرحد کے اس طرف والے حصے پر بہتر مینجمنٹ رہا ہے، پاکستان افغان سرحد پر باڑ لگانا اس خطے کی ہیئت اور دوسری مشکلات کی وجہ سے ایک بڑی ذمہ داری تھی۔
طالبان کے ہمراہ افغانستان میں لڑنے کے حوالے سے بھارتی میڈیا پر چلنے والی خبروں کے بارے میں سوال پر جواب دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ جس طریقے سے بھارتی میڈیا نے طالبان کے پنجشیر پر حملے کے حوالے سے خود کو پیش کیا ہے وہ اس بات کی کافی شہادت ہے کہ ان کا میڈیا جعلی خبروں اور جھوٹی گھڑی گئی کہانیوں پر پروان چڑھتا ہے۔
Comments are closed.