گھوٹکی ٹرین حادثے کے مقام پر ریلیف آپریشن مکمل کر لیا گیا، حادثے کا شکار انجن اور 17 کوچز اٹھا لی گئیں جبکہ ٹرینیں بحال کر دی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق ڈی ایس ریلوے سکھر طارق لطیف کا کہنا ہے کہ 29 گھنٹے بعد ریلوے ٹریک پر ٹریفک بحال کردیا گیا ہے اور ریلوے ٹریک پیر کی صبح 3 بج کر 40 منٹ پر بند ہوا تھا، جو 29 گھنٹوں کے تعطل کے بعد بحال ہوا ہے۔
ڈی ایس ریلوے سکھر نے بتایا کہ اتوار سے رکی ٹرینیں اب منزل مقصود کی طرف چلنا شروع ہو گئی ہیں جبکہ متاثرہ ٹریک پر فی الحال ٹرینوں کی اسپیڈ کم رکھی گئی ہے۔
طارق لطیف کا یہ بھی کہنا ہے کہ حادثے کی وجہ سے 35 مسافر ٹرینیں مختلف اسٹیشنوں پر رکی ہوئی ہیں۔
دوسری جانب ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ زکریا ایکسپریس حادثے کے مقام پر پہنچ گئی ہے جسے کچھ دیر میں ٹریک سے گزارا جائے گا جبکہ متاثرہ ڈاؤن ٹریک کی مرمت کا کام جاری ہے۔
واضح رہے کہ ضلع گھوٹکی کے شہر ڈہرکی کے قریب گزشتہ روز پیش آنے والے ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 62 ہو چکی ہے جبکہ سو سے زیادہ زخمی ہوئے ہیں۔
Comments are closed.