ٹانک: وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا حکومت سے سیلاب متاثرین کی امدادی رقم میں اضافے کی درخواست کردی ہے۔
ٹانک میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ کے پی حکومت سیلاب متاثرین کے لیے امدادی رقم میں اضافہ کرے اور یہ رقم 8 سے 10 لاکھ روپے کرے تو بہتر ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت نے زخمیوں کے لیے نقد امدادی رقم کو 25 ہزار سے بڑھا کر 2 لاکھ 50 ہزار روپے کردیا ہے، مکمل طور پر تباہ ہونے والے گھروں کے لیے 5 لاکھ روپے اور جزوی طور پر متاثر ہونے والے مکانات کے لیے 2 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
سیلاب سے مرکزی سڑکوں کو پہنچنے والے نقصان کے بارے میں بتائے جانے پر، وزیراعظم نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دائرہ اختیار میں آنے والی سڑکوں کو جلد بحال کرے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ مکمل کرنے کے بعد وہ این ڈی ایم اے اور صوبائی حکام کے سروے پر غور کریں گے تاکہ نقصانات کا اندازہ لگایا جا سکے اور وفاقی حکومت کی طرف سے ممکنہ تعاون کا فیصلہ کیا جا سکے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ طوفانی بارشوں سے آنے والے سیلاب سے متاثرہ افراد کی جلد از جلد بحالی کو یقینی بنانے کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں اور محکموں کی مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔
Comments are closed.