اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ کرپٹ نظام سے مستفید ہونے والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کر رہے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے پرفارمنس ایگریمنٹ پر دستخط کرنے کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ ملک میں ہر الیکشن متنازعہ ہو جاتا ہے، ہر الیکشن میں دھاندلی کی شکایت ہوتی ہے مگر کوئی تجویز نہیں دیتا کیسے مسئلہ دور کریں، ای وی ایم پاکستان کے سارے مسائل حل کر دے گی، ووٹنگ مشین سے لوگوں کو کیا مسئلہ ہے؟
وزیراعظم نے کہا کہ کرپٹ نظام سے مستفید ہونے والے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی مخالفت کر رہے ہیں، کرپٹ مافیا ہمارا سب سے بڑا دشمن ہے جو کرپٹ نظام سے فائدہ لے رہا ہے، ہمارے سامنے کرپٹ مافیا سے نمٹنے کا چیلنج ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم نے رواں سال اہداف مکمل کیے تو آئندہ سال آسان ہوگا، ہماری حکومت کے لیے بہت ضروری ہے کہ آخری دو سال ٹارگٹ سیٹ کریں، حکومت میں ہوتے ہوئے ضروری ہے کہ اپنی کارکردگی کا جائزہ لیں، زندگی میں جیت ہو یا ہار، اپنی کارکردگی کا جائزہ لیتے رہنا چاہیے، مسلسل جدوجہد کرنے والا ہی زندگی میں کامیاب ہوتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے وزرا سے کہتا ہوں انسان اشرف المخلوق ہیں، خود کی صلاحیت کو نظرانداز کرتا ہے، انسان کو خود کی صلاحیت کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔
Comments are closed.