کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ صرف ترازوہی کراچی کی تعمیر و ترقی اورخوشحالی کا نشان ہے، 15جنوری کوبلدیاتی انتخابات میں عوام نے جماعت اسلامی پر بھرپو اعتماد کرتے ہوئے سب سے زیادہ ووٹ دیے،18اپریل کو خالی نشستوں کے انتخابات میں بھی جماعت اسلامی کے امیدوا ر کامیاب ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے تحت اتحاد ٹاؤن یوسی 2 میں عوامی دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کیا کہ پیپلزپارٹی اورسندھ حکومت کے تمام تر ہتھکنڈوں اور حلقہ بندیوں میں جعل سازی کے باوجود اہل کراچی نے جماعت اسلامی کو نمبر ون پارٹی بنایا، پیپلزپارٹی نے آر او اورڈی آراوز کے ساتھ مل کر عوامی مینڈیٹ پر قبضہ کرنا شروع کردیا، 5400 والے جماعت اسلامی کے امیدوار کے ووٹ تبدیل کر کے 1030 ووٹ کردیے اور پیپلزپارٹی کے امیدوار کو نمبر ون بنادیا،بلاول بھٹو زرداری سن لیں کراچی کو جاگیرداروں اور وڈیروں کی اوطاق نہیں بننے دیں گے،جعل سازیوں اور بدترین دھاندلی کے ذریعے کراچی کا میئر جیالا نہیں بن سکتا،میئر تو صرف جماعت اسلامی کا ہی بنے گا۔
تقریب سے امیرجماعت اسلامی ضلع کیماڑی مولانا فضل احد حنیف، سیکرٹری ضلع ڈاکٹر نور الحق،نائب امیر ضلع و صدر پبلک ایڈ حمید اللہ خان ایڈوکیٹ،نامزد امیدوارچیئرمین یوسی 2سید اسلام،نامزد امیدواروائس چیئرمین اشفاق حسین ودیگر نے بھی خطاب کیا۔حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم نے مل کر کراچی کے عوام کو محروم ابن محروم اور غلام ابن غلام بنایا اور بنیادی ضروریات سے محروم رکھا اور عوام کے مسائل حل نہیں کیے اوراب کراچی کے عوام سے ووٹ لینے آگئے ہیں، کراچی کے شہریوں کا ووٹ اب صرف تعمیر و ترقی اور خدمت کے نشان ترازوکے لیے ہوگا، ماضی میں جماعت اسلامی کے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان نے کراچی کی تعمیر وترقی کے لیے بے مثال اورریکارڈ ترقیاتی کام کروائے،ہمارا میئروہیں سے تعمیر و ترقی کا کام شروع کرے گاجہاں سے نعمت اللہ خان نے ادھورا چھوڑا تھا۔
انہوں نے مزیدکہاکہ 27رمضان المبارک اس لحاظ سے بھی تاریخی دن ہے کہ اس روز پاکستان معرض وجود میں آیااب اسی دن 18اپریل کو ملتوی شدہ نشستوں پر بلدیاتی انتخابات ہورہے ہیں،اتحاد ٹاؤن کے عوام 18اپریل 27رمضان المبارک کو گھروں سے نکل کر ان تمام پارٹیوں کو مسترد کردیں جنہوں نے عوام کا استحصال کیا ان سے ووٹ لے کر ان کو دھوکادیا اور محرومیوں میں دھکیل دیا۔عوام جماعت اسلامی کے انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائیں،جماعت اسلامی خدمت اور دیانت کے ساتھ شہر کی تعمیر و ترقی کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ پیپلزپارٹی ملتوی شدہ نشستوں پربلدیاتی انتخابات سے فرار کا راستہ اختیار کرنا چاہتی ہے، وہ جانتی ہے کہ 11نشستوں میں سے 8وارڈ کی نشستیں جماعت اسلامی نے جیتی ہوئی ہیں اس لیے وہ اپنی شکست سے خوف زدہ ہوکر انتخابات سے بھاگنا چاہتی ہے۔سندھ حکومت کراچی کے وسائل پر قابض رہنے کے لیے ہر قسم کے غیر جمہوری اور اوچھے ہتھکنڈے استعمال کررہی ہے،پیپلزپارٹی خود کو جمہوریت پسند پارٹی کہتی ہے لیکن خود ان کی پارٹی میں جمہوریت نہیں ہے، موروثیت اوروصیت پر ان کی پارٹی چل رہی ہے،بلدیاتی انتخابات میں بدترین دھاندلی اور جعل سازی کی گئی،پیپلزپارٹی کے اس غیر جمہوری اور آمرانہ طرزعمل کو پوری دنیا میں بے نقاب کریں گے اور بتائیں گے کہ پیپلزپارٹی اپنے آپ کو جمہوریت پسند پارٹی کہتی ہے لیکن کراچی کے مینڈیٹ پر جعل سازی کے ذریعے قبضہ کررہی ہے۔
فضل احد حنیف نے کہاکہ سندھ سکٹریریٹ میں کرپشن کا بازار گرم ہے، پیپلزپارٹی سمیت تمام پارٹیاں کے الیکٹرک کی سرپرستی کرتی ہیں اورکے الیکٹرک مافیا کراچی کے عوام پر ناجائز ٹیکس لگاکر ماہانہ اربوں روپے وصو ل کرتی ہے اور کراچی کے عوام پینے کے صاف پانی کو ترس رہے ہیں، ٹینکر میں تو پانی مل جاتا ہے لیکن نلکوں میں پانی نہیں آتا،پیپلزپارٹی نے ٹینکر مافیا کے ساتھ مل کر کرپشن کا بازار گرم کیا ہوا ہے،شہری پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں،المیہ یہ ہے کہ اتحاد ٹاؤن کے علاقہ مکین آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں دوسری جانب کے الیکٹرک کی جانب سے اعلانیہ اور غیر اعلانیہ طویل لوڈ شیڈنگ سے علاقہ مکین شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہیں۔
جماعت اسلامی کی حق دو کراچی تحریک نئے فیز میں داخل ہوگئی ہے، اتحاد ٹاؤن کے عوام انتخابی نشان ترازو پر مہر لگا کر جماعت اسلامی کی اس تحریک کا حصہ بنیں۔
Comments are closed.