کراچی:امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ جتنے بھی وزیر اعظم کراچی آئے سب نے جعلی اعلانا ت کرکے عوام کو دھوکا دیا، ہمارے بلدیاتی امیدواران باصلاحیت اور دیانت دار ہیں، ان کی کامیابی کراچی کے بہتر مستقبل کی ضمانت ہے۔
بلدیاتی ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی کی بدحالی اور مسائل کی ذمہ داری نواز لیگ،پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پر عائد ہوتی ہے، سندھ حکومت جماعت اسلامی سے معاہدے کے مطابق شہری ادارے میئر کے ماتحت کرنے کے لیے قانون سازی کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ اور ماضی کی حکومتوں، حکمران پارٹیوں کی نااہلی، بے حسی،کرپشن اور ناانصافیوں کے شکار کراچی کو صرف جماعت اسلامی ہی تعمیر وترقی کی شاہراہ پر گامزن کرسکتی ہے۔
امیرجماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کراچی کو ہمیشہ ہر دور میں نظر انداز کیا گیا،کراچی کی بدحالی اور شہریوں کو درپیش سنگین مسائل کی ذمہ داری نواز لیگ،پیپلزپارٹی، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم پر عائد ہوتی ہے، ان پارٹیوں نے کراچی کے عوام کو شدید مایوس کیا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ کراچی کی بہتری اور ترقی کے لیے جماعت اسلامی کے سوا کوئی آپشن نہیں، ہمارے بلدیاتی امیدواران انتہائی باصلاحیت،دیانت دار اور اپنے اپنے علاقوں میں مثالی اور نمایاں عوامی خدمات انجام دینے والے لوگ ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کارکنوں و ذمہ داروں اور بلدیاتی امیدواروں کو ہدایات دیں کہ فوری طور پر انتخابی مہم کے لیے سرگرمیاں مؤثر طبقات وبااثر شخصیات اور ووٹر لسٹوں کے مطابق ووٹرز سے ملاقاتیں اور رابطے شروع کردیں اور سب کو بتائیں کہ انتخابی نشان ترازو پر مہر لگائیں،ترازو کی جیت ہی اہل کراچی کی جیت اور ان کے حالات بدلنے کی ضمانت ہے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی گزشتہ کئی سال سے مسلسل ”حق دو کراچی“مہم چلارہی ہے،جماعت اسلامی کراچی کی واحد جماعت ہے جس نے کراچی کے ہر مسئلے پر آواز اٹھائی ہے اور آج جماعت اسلامی ہی کراچی کے حقوق کے حصول کے لیے اہل کراچی کی ایک مؤثر اور توانا آواز بن چکی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی نے کے الیکٹرک، نادرا،بحریہ ٹاؤن سمیت مختلف ہاؤسنگ سوسائٹیز کے متاثرین کے لیے آگے بڑھ کر جدو جہد کی ہے، سڑکوں، عدالتوں میں اور ہرفورم پر عوام کا مقدمہ لڑا ہے، بجلی، پانی کے مسائل سمیت دیگر بلدیاتی مسائل اور گلی، محلوں میں مقامی مسائل کے لیے جماعت اسلامی عوام کے ساتھ کھڑی رہی ہے۔
کنونشن میں جماعت اسلامی کے کارکنوں سمیت شہر بھر میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے نامزد یوسی چیئرمین،وائس چیئرمین اور وارڈ کونسلرز نے بھی شرکت کی۔کنونشن میں بلدیاتی امیدواروں کا بھی تعارف کروایا گیا۔اس موقع پر کارکنوں میں زبردست جوش و خروش دیکھنے میں آیا اور پرجوش نعرے لگائے گئے جس میں تیز ہو تیز ہوجدوجہد تیز ہو، اب کے برس ہم اہل کراچی اپنا پورا حق لیں گے، نکلا ہے کراچی نکلا ہے، حق لینے اپنا نکلا ہے سمیت دیگر نعرے شامل تھے۔اسٹیج پر موجود قائدین نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر کارکنوں سے اظہار یکجہتی اور جدوجہد تیز کرنے کا عزم کیا اور نعروں کا جواب دیا۔کنونشن میں خواتین نے بھی فیملیز کے ساتھ بڑی تعداد میں شرکت کی جن کے علیحدہ انتظام کیا گیا تھا اور کنونشن کی کارروائی دیکھنے کے لیے ایک بڑی اسکرین لگائی گئی تھی۔
Comments are closed.