جمعرات 25؍ذیقعد 1444ھ15؍جون 2023ء

کراچی کا میئر کون ہوگا ؟ حافظ نعیم الرحمان اور مرتضیٰ وہاب کے درمیان کانٹے کا مقابلہ

کراچی:میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے لئے انتخاب آج ہوگا، پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کی جانب سے مرتضیٰ وہاب جبکہ جماعت اسلامی ( جے آئی ) کی طرف سے حافظ نعیم الرحمان مدمقابل ہوں گے۔

کراچی کے آرٹس کونسل آڈیٹوریم کوپولنگ اسٹیشن قرار دیا گیا ہے جہاں اراکین کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، ووٹرز کو شناخت کے بعد اندر جانے کی اجازت دی جائے گی۔

ڈپٹی میئر کیلئے پیپلز پارٹی کے سلمان عبداللہ مراد اور جماعت اسلامی کے سیف الدین ایڈووکیٹ میدان میں موجود ہیں، 9 ٹائون میونسپل کارپوریشن کے چیئرمین اور وائس چیئرمین کا انتخابی معرکہ بھی آج ہوگا، 11 ٹائون میں چیئرمین وائس چیئرمین پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوچکے ہیں۔

صبح ساڑھے 10 بجے تک سٹی کونسل اراکین پولنگ ہال میں داخل ہوسکیں گے، اراکین کی شناخت کے لیےآرٹس کونسل کے باہر 4 کاؤنٹرز بنائے گئے ہیں، منتخب نمائندوں کو شناختی کارڈز دکھانے کے بعد ووٹنگ کارڈ جاری ہوگا جب کہ آرٹس کونسل میں اراکین کو موبائل فون لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

سب سے پہلے پیپلز پارٹی کے امیدوار مرتضی وہاب کے اعلان کے بعد انہیں ووٹ دینے والے اپنے ہاتھ کھڑے کریں گے، ووٹرز کے نام اردو حروف تہجی کے اعتبار سے پکارے جائیں گے، حامی ووٹر کو آڈیٹوریم کی ایک جانب کرکے گنتی کی جائے گی اور ہر رکن ایک رجسٹر میں اپنے نام کے سامنے انگوٹھے کا نشان لگائے گا اور دستخط کرے گا، ان کے انگھوٹے پر انمٹ انک بھی لگائی جائے گی۔

You might also like

Comments are closed.