جمعہ 25؍رجب المرجب 1444ھ17؍فروری 2023ء

کراچی پولیس آفس پر حملہ، 2 دہشتگرد ہلاک، آپریشن جاری

Karachi Police

کراچی: شاہراہ فیصل پر قائم کراچی پولیس آفس (کے پی او) پر دہشت گردوں نے حملہ کیا ہے،جس میں فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ شاہراہ فیصل پر قائم کے پی او میں مسلح افراد نے داخل ہونے کی کوشش کی۔ اس موقع پر اندھا دھند فائرنگ بھی کی گئی جب کہ متعدد دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق حملے اور فائرنگ کے بعد پولیس اہل کاروں نے جوابی فائرنگ بھی کی ہے جب کہ دیگر تھانوں کی نفری بھی طلب کرلی گئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق پولیس اہل کار کے پی او پر مورچہ زن ہیں ۔ پولیس کمانڈوز کو بھی کے پی آفس طلب کرلیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی کے مطابق کراچی پولیس چیف جاوید عالم اوڈھو نے کراچی پولیس آفس پر حملے کی تصدیق کردی ہے اور کہا کہ میرے آفس پر حملہ ہوا ہے اور فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔

ذرائع کے مطابق ایک مشتبہ گاڑی کو چیک کرنے کے لیے بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے جب کہ ایس ایس یو کمانڈوز اور رینجرز کا کوئیک رسپانس دستہ بھی کراچی پولیس آفس میں داخل ہوگیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق 6 سے 8 دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع ہے جو کے پی او کے عقبی راستے سے داخل ہوئے۔ آپریشن کے دوران دفتر کی بجلی بند کردی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ضروری پولیس فورس فوری بھیجنے کی ہدایت کردی ہے۔

اطلاعات کے مطابق آپریشن میں 2 دہشت گرد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ تین افراد زخمی ہیں۔ دوسری جانب اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ایک لاش اور 5 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن میں ایک رینجرز اہلکار اور ایک ایدھی کا رضاکار شامل ہیں۔

You might also like

Comments are closed.