کراچی کے علاقے کورنگی میں کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 11 افراد جھلس کے جاں بحق ہوگئے۔ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آتشزدگی کا نوٹس لے لیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کورنگی کے علاقے مہران ٹاؤن میں آج صبح کیمیکل فیکٹری میں آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری فیکٹری کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ کہا جا رہا ہے کہ فیکٹری کے اندر ملازمین پھنسے ہوئے ہیں۔
پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق فیکٹری میں آتشزدگی سے اب تک 11 افراد جاں بحق ہوگئے ہیں جن کی لاشیں فیکٹری کی دوسری منزل سے نکال لی گئی، ملازمین کو نکالنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاہم فیکٹری میں آتشزدگی کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
فائر بریگیڈ حکام نے فیکٹری میں لگی آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا ہے۔ دھواں بھرنے سے ریسکیو اہلکاروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آتشزدگی کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور لیبر ڈپارٹمنٹ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ اتنا بڑا واقعہ کیسے پیش آگیا، معلوم کیا جائے کہ فیکٹری میں سیفٹی کے کیا انتظاماے تھے۔
Comments are closed.