کراچی : شہر قائد میں تیز ہواؤں کے ساتھ مختلف علاقوں میں خوفناک آندھی شروع ہوگئی جب کہ ناظم آباد، اورنگی ٹاؤن، گلشن معمار، ڈی ایچ اے سٹی، ناگن چورنگی اور نارتھ کے علاقوں میں بوندا باندی شروع ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب ماہرین نے آج سے شہر میں طوفانی بارش کی پیش گوئی کررکھی ہے، جس کے پیش نظر محکمہ صحت نے سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے کنٹرول روم قائم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔
محکمہ صحت نے ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی چھٹیاں منسوخ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپتالوں میں ادویات اور ضروری آلات کی فراہمی کو ہر ممکن یقینی بنایا جائے اور ایمبولینس سروسز کو فعال رکھا جائے۔
خلیجی بنگال سے مون سون کا طاقتور سسٹم موسلا دھار بارش کا سبب بنے گا، جس سے کراچی کے علاوہ ٹھٹھہ ، بدین ، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں اربن فلڈنگ کی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔محکمہ موسمیات کی ایڈوائس پرکراچی سمیت سندھ کے تمام سرکاری اسپتالوں میں اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
دوسری جانب ممکنہ ہیوی اسپیل کی پیش گوئی کے پیش نظر صوبہ کے سب بڑے سرکاری اسپتال میں کنٹرول روم قائم کردیا گیا ہے۔جناح اسپتال تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف کی ڈیوٹی لگادی گئی ہے جبکہ اسپتال کے داخلی اور خارجی راستوں کو کلیر رکھنے کا پلان بھی مکمل کرلیا گیا ہے۔
Comments are closed.