کراچی اور حیدر آباد کے 16 اضلاع میں 28 اگست کو ہونے والے انتخابات کا شیڈول ایک بار پھر متاثر ہونے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن حکام نے الیکشن کے انعقاد کو محکمہ موسمیات کی رپورٹ سے مشروط کردیا۔ اس سے پہلے سندھ میں 24 جولائی 2022 کو ہونے والے دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات بھی بارشوں کی وجہ سے ملتوی کردیے گئے تھے۔
الیکشن کمیشن حکام کے مطابق سندھ کے کئی اضلاع میں صورتحال خراب ہے اور کراچی کے کئی علاقوں میں بھی پانی جمع ہے اسی وجہ سے تمام ڈپٹی کمشنرز سے بھی رپورٹ مانگی گئی ہے اس کے علاوہ الیکشن کمیشن محکمہ موسمیات سے بھی موسمی صورتحال پر مستقل معلومات حاصل کررہا ہے۔
حکام کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد کے لیے 22 یا 23 اگست کو فیصلہ کرکے ضلعی حکام کی رائے، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی اور اضلاع کی صورتحال سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا آگاہ کیا جائے گا تاکہ 28 اگست کو انتخابات کرانے یا موخر کرنے سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جاسکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کے لیے آئندہ ماہ کی 11 یا 18 تاریخ پر غور کیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ سندھ حکومت بھی شدید بارشوں سے متاثرہ صوبے کے کئی اضلاع کو آفت زدہ قرار دے چکی ہے۔
Comments are closed.