کابل: افغانستان کے دارالحکومت کابل کے حامد کرزئی ائیرپورٹ کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں 11 افراد جاں بحق جبکہ امریکی فوجیوں سمیت متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔
افغان میڈیا کے مطابق دھماکا حامد کرزئی ائیرپورٹ کے مشرقی گیٹ پر ہوا ہے، جہاں گزشتہ 12 روز سے ہزاروں افراد ملک سے نکلنے کے لیے جمع ہیں، خودکش دھماکے کے بعد فائرنگ کی آواز بھی سنائی دی۔
عرب میڈیا کے مطابق خودکش دھماکے کے نتیجے میں 11 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ہیں، مرنے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں، زخمیوں میں امریکی فوجی اہلکار اور طالبان محافظ بھی شامل ہیں، تمام زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے ترجمان جان کربی نے ٹوئٹر پر دھماکے کی تصدیق کردی ہے۔ جان کربی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے بتایا کہ کابل ائیرپورٹ کے باہر دھماکا ہوا ہے، تاہم دھماکے میں کسی جانی نقصان کے متعلق ابھی کوئی خبر نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جیسے ہی اس دھماکے سے متعلق جلد مزید معلومات فراہم کریں گے۔ امریکی حکام کا کہنا ہے کہ کابل ایئرپورٹ کے باہر ہونے والا دھماکا خودکش تھا۔
خیال رہے کہ کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ائیرپورٹ پر ہزاروں افغان شہری ملک سے فرار ہونے کے لیے جمع ہیں۔ جبکہ ائیرپورٹ پر امریکی اور برطانوی فوجیوں کی بھی بڑی تعداد موجود ہے جو کہ اپنے شہریوں اور عملے کا محفوظ انخلا یقینی بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔
Comments are closed.