شرقپور :وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سابق حکومت نے ملک کو ڈیفالٹ کے دھانے پر لگا دیا تھا ملک ڈیفالٹ کر جائے گا یہ دیکھ کر رات کو نیند نہیں آتی۔
شرقپور میں ترقیاتی منصوبے کی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو جیل میں بند کیا گیا اپوزیشن کو دیوار سے لگایا گیا ، ہم جان لگا دینگے اور ملک کا کھویا ہوا مقام واپس دلوائیں گے،جب میں پنجاب میں خادم تھا تب چیئر مین پی ٹی آئی کہتے تھے کہ بچوں اور بچیوں کو رشوت دے رہا ہوں،موقع ملا تو ملک میں لیپ ٹاپ کا جال بچھا دینگے اور ہر اسٹوڈنٹس کو لیپ ٹاپ دینگے۔
ان کا کہنا تھا کہ چار سالوں میں قوم کی دولت کو لوٹا گیا،پاکستان کے 190 ملین پاؤنڈ برطانیہ کے اکاؤنٹس میں موجود تھے، برطانوی ایجنسی نے اشتہار لگایا کہ یہ پیسا پاکستان کے عوام کا ہے اور وہاں کے خزانے میں جائےگا، یہ پیسا اسٹیٹ بینک آف پاکستان میں آتا تو بالکل ٹھیک بات تھی حالت یہ کہ پیسا پاکستان کے اکاؤنٹ میں نہیں آیا بلکہ سپریم کورٹ کے اکاؤنٹ میں چلا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کے ساڑھے چار سال ضائع کیےگئے، نوازشریف کو جیل میں بند کیا گیا، اپوزیشن کو دیوار سے لگایا گیا، پچاس ارب روپے برطانیہ کے بینکوں میں پڑے تھے ، برطانوی کرائم ایجنسی نے دو سال میرے خلاف تفتیش کی۔
انہوں نے کہا کہ بند لفافہ کابینہ میں لے جایا گیا، کابینہ کے ایک دو وزیروں کے سوا سب نے بند لفافے پر منظوری دے دی، خدا نہ کرے اس بند لفافے میں یہ لکھا ہوتا کہ ہم کشمیر کا سودا کر رہے ہیں توکیا کابینہ سے ایسے ہی آنکھیں بند کرکے دستخط لے لیے جاتے۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن میں جو فیصلہ آیا اس پر سر تسلیم خم کریں گے ،ان کو بتانا چاہتا ہوں کہ جنہوں نے کہا کہ میں ملک سے بھاگ گیا ہوں وہ جان لیں میں کینسر کے علاج کے لئے دو سال تک امریکہ میں چلا گیا تھا اور پھر لندن واپس آگیا۔
انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ جومعاہدہ ہوا ہے اسے میں جانتا ہوں ،ہم نے دن رات منتیں کیں پھر اس کے بعد جا کر آئی ایم ایف سے معاہدہ طے پایا، ڈیفالٹ کے خطرے کا سوچ کر رات کو نیند نہیں آتی ۔
Comments are closed.