نیو یارک: ایک نئی تحقیق میں معلوم ہوا ہے کہ لوگ گانا سننے کے چند سیکنڈ میں ہی اس بات کا تعین کرسکتے ہیں کہ آیا وہ اس گانے کو پسند کرتے ہیں یا نہیں۔
نیو یارک یونیورسٹی کے محققین کی جانب سے کی جانے والی تحقیق میں شرکاء نے 5، 10 اور 15 سیکنڈ کے اقتباسات کے ساتھ 250 سے زائد مکمل گانے سنے۔ جس میں دیکھا گیا کہ کلپ کی طوالت کا شرکاء کی ترجیح پر کوئی اثر نہیں تھا۔
نیویارک یونیورسٹی کے سینٹر فار ڈیٹا سائنس کے کلینکل ایسوسی ایٹ پروفیسر اور تحقیق کے سینئر مصنف پاسکل ویلِش کا کہنا تھا کہ کسی بھی گانے کے دورانیے میں اس کی سمعی خصوصیات میں ڈرامائی تبدیلی آتی ہے لیکن اس کا سامع پر کوئی خاص فرق نہیں پڑتا۔ ہم پانچ یا اس سے کم سیکنڈ کے وقت میں اس بات کا تعین کر سکتے ہیں کہ آیا ہم کوئی گانا پسند کرتے ہیں یا نہیں۔
تحقیق کے لیے 650 یونیورسٹی انڈر گریجویٹ طلبا اور نیویارک کے شہری علاقے کے رہائشیوں کا انتخاب کیا گیا۔
مجموعی طور پر تحقیق کے نتائج کے مطابق شرکاء کے گانوں کی پسند ایک سی تھی (چاہے انہوں نے اقتباس سنا ہو یا پورا گانا سنا ہو)۔یہ بات اس جانب اشارہ کرتی ہے کہ کلپ سے مکمل گانے کی پسند یا ناپسند کے متعلق پیشگوئی کی گئی۔ ساتھ ہی یہ بات بھی معلوم ہوئی کہ کلپ کی طوالت نے سامع کے تجزیے پر کوئی فرق نہیں ڈالا۔
تحقیق میں سامعین کو گزشتہ 80 سالوں میں بِل بورڈ میوزک چارٹ پر رہنے والے مشہور کلاسیکل، کنٹری، جیز، ہِپ ہوپ، راک، الیکٹرونک اور آر اینڈ بی گانے سنائے گئے۔
Comments are closed.