منگل 13؍محرم الحرام 1445ھ یکم اگست 2023ء

پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت نے جاتے جاتے پٹرول بم گرا دیا، سراج الحق

involved

لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی اور بدامنی سے کروڑوں لوگ بری طرح متاثر ہیں تاہم حالات کی خرابی کو موجودہ یا نگران سیٹ اپ کی ایکسٹینشن اور الیکشن التوا کا جواز بنانا قوم کو کسی صورت قبول نہیں ہوگا۔

سراج الحق نے کہاکہ عوام موجودہ نااہل حکمرانوں سے تنگ، ملک کو مستحکم حکومت چاہیے۔ دہشت گردی خیبرپختونخوا اور بلوچستان سے نکل کر باقی ملک میں بھی پھیل سکتی ہے۔ قیام امن کے لیے سیاسی قوتیں سرجوڑ کر بیٹھیں۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان  نے ایک دفعہ پھر حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور واقعہ میں ملوث عناصر کو عبرتناک سزا دی جائے اور تعلیمی اداروں کو منشیات، فحاشی اور بلیک میلنگ سے پاک کیا جائے۔

سراج الحق نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 20روپے فی لٹراضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کی اتحادی حکومت نے جاتے جاتے عوام پر بجلی کا ڈرون حملہ کر کے پٹرول کا بم بھی گرا دیا ہے، برسراقتدار پارٹیوں نے حکومت میں آنے سے قبل مہنگائی کے خلاف لانگ مارچ کیے ، آج جب 13اتحادی 16ماہ حکومت کر کے رخصت ہورہے ہیں تو پٹرول، بجلی، گیس، اشیائے خورونوش عام آدمی کی پہنچ سے مکمل دور ہیں۔

انہوں نے کہاکہ  حکومت آخری دنوں میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ان کے جسم سے خون کا ہر قطرہ نچوڑنا چاہتی ہے، لوگ خودکشیوں پر مجبور، آئی ایم ایف کے احکامات کی بجاآوری میں عوام پر ظلم کی انتہا ہوچکی ہے۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ  حکمرانوں نے اپنی مراعات میں رتی برابر کمی نہیں کی، غیرملکی دورے، سرکاری حج، پروٹوکول، مفت بجلی اور پٹرول پر اربوں خرچ کردیے گئے اور عوام کے حصے میں لاتعداد ٹیکسز آئے۔

You might also like

Comments are closed.