اسلام آباد: تحریک انصاف نے چیئرمین عمران خان پر حملے کے خلاف وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر میں بھرپور احتجاجی مظاہروں کا فیصلہ کرلیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق لانگ مارچ کے دوران قیادت کے کنٹینر پر فائرنگ اور اس میں پارٹی چیئرمین عمران خان کے زخمی ہونے پر پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد اور راولپنڈی میں بھرپور احتجاجی مظاہروں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مظاہروں سے متعلق تفصیلی حکمت عملی تیار کرکے پارٹی عہدے داروں کی مختلف حوالوں سے ذمے داریاں لگا دی گئی ہیں۔
ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے مقامی رہنماؤں اور اسمبلی ارکان کی زیر قیادت جڑواں شہروں کے داخلی و خارجی راستوں پر بھرپور احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی کال پر آج 4 مقامات پر بڑے مظاہرے کیے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کچھ دیر بعد اسلام آباد کے اہم مقام فیض آباد پر بڑا احتجاج کیا جائے گا۔
فیض آباد کے علاوہ دوسرا بڑا احتجاج جی ٹی روڈ پر روات کے مقام پر کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں مری ایکسپریس وے پر، جی ٹی روڈ ٹیکسلا کے مقام پر بھی مظاہرے کرنے کے سلسلے میں مقامی قیادت نے ہنگامی بنیادوں پر تیاریاں پوری کرلی ہیں۔ احتجاج کے سلسلے میں انتظامی کمیٹیوں کی تشکیل کا عمل بھی کیا جا چکا ہے۔ کارکنوں کو احتجاج میں قافلوں کی صورت میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔
Comments are closed.