بدھ14؍شوال المکرم 1442ھ26؍مئی 2021ء

پی ٹی آئی نے توہین مذہب کے مقدمات کو عدالت میں چیلنج کردیا

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی قیادت کے خلاف ملک بھر میں درج توہین مذہب کے مقدمات کو عدالت میں چیلنج کردیا۔

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے عمران خان سمیت دیگر رہنماؤں پر توہین مذہب کے مقدمات کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کیا گیا اور اس سلسلے میں فواد چوہدری نے عدالت میں درخواست دائر کی ہے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتہائی فوری نوعیت کے مقدمات چھٹیوں میں بھی سننے کا سرکلرجاری کررکھا ہے جس کے تحت عید کی چھٹیوں میں بھی انتہائی فوری نوعیت کی پٹیشنز دائر کی جاسکتی ہیں۔

فواد چوہدری کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کو غیر قانونی طور پر ہراساں کرنے سے روکا جائے، ملک بھر میں پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مقدمات سامنے لائے جائیں گے، اس سلسلے میں ایف آئی اے یا پولیس کا کوئی بھی ایکشن غیر قانونی قرار دے کر کالعدم قرار دیا جائے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے چھٹی کے باوجود پی ٹی آئی کی درخواست کو فوری سماعت کے لیے مقرر کردیا ہے جس پر سماعت کچھ دیر بعد چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ خود کریں گے جب کہ سماعت کے سلسلے میں فواد چوہدری عدالت میں موجود ہیں۔

واضح رہےکہ مسجد نبوی میں وفاقی کابینہ کے ساتھ پیش آئے واقعے کے بعد عمران خان اور فواد چوہدری سمیت 150 افراد کے خلاف توہین مذہب کا مقدمہ درج کیا گیا ہے جب کہ سابق وزیر شیخ رشید کے بھتیجے رکن قومی اسمبلی راشد شفیق کو اس سلسلے میںٰ گرفتار بھی کیا گیا ہے۔

You might also like

Comments are closed.