لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے صدر چودھری پرویز الہی کو ضلع کچہری عدالت میں پیش کر دیا گیا،اینٹی کرپشن پولیس سخت سکیورٹی میں سابق وزیراعلی پنجاب چودھری پرویز الہی کو لے کر ضلع کچہری پہنچی۔
سابق وزیراعلی پنجاب اور صدر پی ٹی آئی چودھری پرویز الہی نے کمرہ عدالت میں بیٹے راسخ الہی سے بھی ملاقات کی،پراسیکیوشن کی جانب سے تحریک انصاف کے صدر پرویز الہی کے ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
لاہور میں عدالت میں پیشی کے موقع پر سابق وزیراعلی پنجاب نے میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الہی نے کہا کہ میں بے گناہ ہوں اور پاک فوج کا حامی ہوں، میں کوئی پریس کانفرنس نہیں کروں گا، پی ٹی آئی میں ہوں اور اس میں ہی رہوں گا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کارکنان کے لیے پیغام ہے وہ تگڑے رہیں، گھبرانا نہیں ہے۔
پی ٹی آئی صدر کا کہنا تھا کہ اس سارے فساد کی جڑ محسن نقوی ہے، میں نے کسی کے خلاف کوئی سیاسی مقدمہ نہیں بنایا تھا، مجھ پر یہ ظلم محسن نقوی کرا رہا ہے، یہ برا کر رہے ہیں اوربرا ہی بھگتیں گے۔
واضح رہے کہ چودھری پرویز الہی کو جمعرات کے روز اینٹی کرپشن نے لاہور سے گرفتار کیا تھا،خیال رہے کہ چودھری پرویزالہی کے خلاف اینٹی کرپشن میں سرکاری ٹھیکوں میں کمیشن لینے کے الزام پر مقدمہ درج ہے، ان کیخلاف لاہور کے تھانے میں کار سرکار میں مداخلت اور پولیس پر تشدد کا مقدمہ بھی درج ہے۔
Comments are closed.