لاہور: پنجاب کی نگراں حکومت نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف زمان پارک میں موجود دہشت گرد 24 گھنٹے کے اندر حوالے کردے۔
نگراں صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر نے نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاس خفیہ اطلاعات ہیں کہ گزشتہ دنوں میں ہونے والی ہنگامہ آرائیوں کے دوران عسکری تنصیبات پر حملے کرنے والے 30 سے 40 افراد زمان پارک میں موجود ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت 24 گھنٹے کے اندر ان دہشت گردوں کو قانون کے حوالے کردے۔ نگراں وزیر اطلاعات کا مزید کہنا تھا کہ کور کمانڈر ہاؤس (جناح ہاؤس) پر حملے کے دوران شرپسند عناصر زمان پارک سے رابطے میں تھے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا ٹرائل فوجی عدالت میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ایک برس سے فوج اور عسکری قیادت کے خلاف ہرزہ گوئی کررہے ہیں۔ پی ٹی آئی اب غیر ریاستی عناصر کی شکل اختیار کررہی ہے۔ ایسا لگتا ہےعمران خان کےلیےملک میں کوئی قانون نہیں ہے۔
عامر میر کا مزید کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے ہنگامہ آرائیوں کے دوران سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا۔ حملوں میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
Comments are closed.