کراچی:امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت بلدیاتی انتخابی عمل کو مکمل نہیں ہو نے دینا چاہتی، بلاول بھٹو کی سندھ حکومت کو انتخابی شیڈول سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کی ہدایت 18اپریل کی تاریخ کو مزید آگے بڑھانے کی سازش ہے۔
بلاول زرداری کی طرف سے ملتوی شدہ بلدیاتی نشستوں کے انتخابی شیڈول کو چیلنج کرنے کے اعلان پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ سندھ حکومت اور پیپلز پارٹی کا یہ رویہ نہ صرف انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت بلکہ غیر جمہوری و غیر آئینی اور آمرانہ و جابرانہ رویہ ہے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشن سے ایک بار پھر مطالبہ کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی کی فرمائشیں پوری نہ کی جائیں اور ملتوی شدہ نشستوں پر بلدیاتی انتخابات اعلان کردہ شیڈول کے مطابق اپریل میں ہی مکمل کیے جائیں۔بلاول زرداری کو حقائق قبول کرنا چاہیئے، وہ یاد رکھیں کہ آپ سب کچھ کرکے بھی اکثریت حاصل نہیں کرسکے۔
انہوں نے کہاکہ ملتوی شدہ نشستوں پر ضمنی انتخاب سے مت ڈریئے۔ اتنی جلدی تھی تو ڈھائی سال تک بلدیاتی انتخاب کیوں روکے رکھا؟ بار بار ملتوی کیوں کروایا؟ کراچی میں مئیر جماعت اسلامی کا ہی ہوگا۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایک طرف نہ صرف کراچی میں بلدیاتی انتخابات ہوئے 2ماہ سے زائد عرصہ ہو گیا ہے تو دوسری طرف اندرون سندھ کے بلدیاتی حلقوں میں انتخابات کو 10ماہ ہو گئے ہیں اور بلدیاتی نمائندے تاحال اپنے اختیارات اور عوام اپنے نمائندوں اور اپنے مسائل کے حل سے محروم ہیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر قسم کے غیر آئینی و قانونی اور غیر جمہوری ہتھکنڈے استعمال کر کے کراچی میں اپنا میئر مسلط کرنا چاہتی ہے اور وہ چاہتی ہے کہ بلدیاتی انتخابی عمل مکمل ہوئے بغیر ہی کسی طرح بھی اس کا میئر آجائے، پیپلز پارٹی کے ایک سینئر رہنما کی طرف سے الیکشن کمیشن کو اس طرح کا خط لکھا جا چکا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ ملتوی شدہ نشستوں پر انتخابات کرائے بغیر ہی کراچی کے میئر کا انتخاب کروایا جائے۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی اپنی آمرانہ، جاگیردارانہ اور وڈیرہ شاہی سوچ کو کراچی اور پورے سندھ پر تھوپنا چاہتی ہے، کراچی کے عوام جماعت اسلامی کے ساتھ مل کر اس آمرانہ و جاگیردارانہ ایجنڈے کو ہر گز پورا نہیں ہونے دیں گے۔کراچی کے عوام”الذوالفقار“ جیسی دہشت گرد تنظیم کا مقابلہ بھی کر چکے ہیں اور پیپلز پارٹی کے فیوڈل فاشزم کو بھی ناکام کریں گے۔
Comments are closed.