کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلال زرداری سن لیں کراچی میں میئر صرف جماعت اسلامی کا ہی ہوگا ، جعل سازی اور دھاندلی سے چھینی گئی نشستیں ہر صورت واپس لیں گے اور عوام کے ایک ایک ووٹ کا تحفظ کریں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اہلیان اورنگی نے جماعت اسلامی کے امیدواروں کو بھرپورووٹ دے کر کامیاب کیا ہے، جماعت اسلامی کے امیدواروں کے پاس فارم 11اور12موجود ہیں لیکن پیپلزپارٹی نے رشوت خور ڈی آراوز کے ذریعے نتائج تبدیل کروائے،یہ جعل سازی ہم کسی صورت قبول نہیں کریں گے اور پیپلزپارٹی کے ناپاک عزائم کو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیں گے ۔
امیر جماعت اسلامی کراچی کا کہنا تھا کہ مومن آباد ٹاؤن کے عوام ملتوی شدہ انتخابات میں بھرپور ووٹ دیں ووٹ کا تحفظ بھی کریں اور فارم 11اور12حاصل کیے بغیر آراواور ڈی آراوز کو پولنگ بوتھ سے نکلنے نہ دیں ۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزیدکہاکہ پیپلزپارٹی نے الیکشن کمیشن کے ساتھ مل کر نتیجہ بدلنے کی کوشش کی اور دوبارہ گنتی کے نام پر جعل سازی کی ہم نے اسلام آباد ہائی کورٹ سے حکم امتناع لیا ہے ،جتنی بھی نشستیں جعل سازی سے چھینی گئیں ہیں ساری واپس لیں گے، خالی نشستوں کے انتخابات میں بھی جماعت اسلامی بھرپور کامیابی حاصل کرے گی ۔
انہوں نے کہاکہ ہم واضح کردینا چاہتے ہیں کہ اگر پیپلزپارٹی کی اکثریت جائز طریقے سے ہوتی تو ہم ان کی اکثریت کو تسلیم کرتے لیکن جعل سازی اور فراڈ کے ذریعے سے حاصل کی گئی جیت کو کسی صورت قبول نہیں کریں گے ،پیپلزپارٹی کے ساتھ اسٹیبلشمنٹ ،ڈپٹی کمشنر ، آراو ز اور ڈی آراوز تو موجود ہیں لیکن کراچی کے عوام موجود نہیں ہیں ، 18اپریل کو ملتوی شدہ بلدیاتی انتخابات میں پیپلزپارٹی کی کرپشن اور لوٹ مار کا انتقام لیں گے ،پیپلزپارٹی نے صوبے کے ٹیکسوں کے پیسوں کو لوٹا ہے۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ غریب ہاریوں کا استحصال کر کے اسمبلیوں میں جگہ بنائی ،دیہاتوں کو وڈیروں کی اوطاق بنادیا اور اب کراچی کو بھی وڈیروں اور جاگیرداروں کی اوطاق بنانا چاہتے ہیں ،کراچی کے عوام کراچی شہر کو وڈیروں اور جاگیرداروں کی اوطاق نہیں بننے دیں گے ۔
Comments are closed.