آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے عسکری تعلقات اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔
چین کی پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کے قیام کی 96 ویں سالگرھ جی ایچ کیو میں منائی گئی، اس موقع پر چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں چینی سفارت خانے کے ناظم الامور پینگ چنکسو، دفاعی اتاشی میجر جنرل وانگ ژونگ، سفارتی حکام اور پاکستان کی سہ فریقی افواج کے افسران نے شرکت کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چینی ناظم الامور نے پی ایل اے کے قیام کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان تعاون پر مبنی یہ شراکت داری وقت اور بین الاقوامی تناظر میں ضروری ہے۔ چین اور پاکستان نے ابھی مشترکہ طور پر سی پیک کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ منائی ہے۔
چینی ناظم الامور کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ آرمی چیف اور دیگر فوجی رہنماؤں نے چین کے کامیاب دورے کیے،جس سے دونوں افواج کے درمیان تعلقات کی مضبوطی کو فروغ ملا۔
تقریب میں پاکستانی سپہ سالار جنرل سید عاصم منیر نے پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کو مبارک باد دی اور چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کی فوج اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں، جس نے تمام چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی مضبوطی کو ثابت کیا ہے۔ پی ایل اے اور پاکستان آرمی ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ہمارے تعلقات ہمارے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
Comments are closed.