جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

پاک ایران وزرائے خارجہ کا رابطہ، کشیدگی کے خاتمے پر اتفاق

اسلام آباد: پاکستان اور ایران کے درمیان حالیہ صورت حال کے دوران دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ میں رابطہ ہوا ہے، جس میں کشیدگی کے خاتمے پر اتفاق کیا گیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق سفارتی ذرائع نے کہا ہے کہ ایرانی وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے اپنے پاکستانی ہم منصب جلیل عباس جیلانی سے رابطہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے تبادلہ خیال کے دوران دونوں ممالک کے درمیان جاری کشیدگی اور تناؤ کے خاتمے پر اتفاق کیا۔ دونوں نے باہمی سفارتی تعلقات بحال کرنے پر بھی گفتگو کی۔

سفارتی ذرائع کے حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان جاری موجودہ تناؤ اور دیگر امور سے متعلق دونوں ملکوں کی وزارت خارجہ مشاورت کے ساتھ معاملات کو طے کریں گی۔ علاوہ ازیں باہمی احترام، امن و سلامتی، علاقائی امن اور مستحکم تعلقات کو بات چیت کے دوران اہم قرار دیا گیا ہے۔

اپنے ہم منصب کے ساتھ گفتگو میں نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے پاکستان کی ایران کے ساتھ باہمی اعتماد اور تعاون کی روح پر مبنی تمام مسائل پر کام کرنے کے لیے آمادگی کا اظہار کیا اور سیکورٹی کے معاملات پر قریبی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

You might also like

Comments are closed.