اسلام آباد: حکومت نے عالمی مالیاتی فنڈ کے پاکستان کے دورے پر آئے جائزہ مشن کو آئی ایم ایف پروگرام کی بروقت تکمیل کی یقین دہانی کرائی ہے۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے آئی ایم ایف مشن کے وفد سے وزارت کے فنانس ڈویژن میں ملاقات کی۔ وفد کی سربراہی آئی ایم ایف مشن کے چیف نیتھن پورٹر نے کی۔ اجلاس میں وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک کے گیس سیکٹر میں گردشی قرضے کے خطرے سے نمٹنے کیلیے طریقہ وضع کرنے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی بنا دی گئی ہے۔
علاوہ ازیں وزیر خزانہ نے آئی ایم ایف وفد کو بتایا کہ پاور سیکٹر میں اصلاحات لائی جا رہی ہیں۔ انہوں نے آئی ایم ایف جائزہ مشن کو مالیاتی اور اقتصادی اصلاحات اور مختلف شعبوں میں حکومتی اقدامات بشمول مالیاتی فرق کو کم کرنے، شرح مبادلہ میں استحکام اور معیشت کی بہتری کے لیے توانائی کے شعبے میں کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
وزیر خزانہ نے پاکستان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنے پر آئی ایم ایف کے منیجنگ ڈائریکٹر کا شکریہ ادا کیا۔وزارتِ خزانہ کے اعلامیےکے مطابق اس موقع پر آئی ایم ایف کی ریذیڈنٹ نمائندہ ایستھر پیریز روئیز، وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، اسپیشل اسسٹنٹ آن پرائم منسٹر برائے خزانہ طارق باجوہ، اسپیشل اسسٹنٹ آن پرائم منسٹر ریونیو طارق محمود پاشا، گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر، آئی ایم ایف وفد کے ارکان اور فنانس ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں توسیعی فنڈ سہولت کے تحت 9 ویں جائزے کو پورا کرنے کے لیے اقتصادی اور مالیاتی پالیسیوں اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ تفصیلی جائزہ لیا گیا۔وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے وفد کا خیرمقدم کیا اور آئی ایم ایف کے ساتھ دیرینہ دوستانہ تعلقات کا اظہار کیا۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ بطور وزیر خزانہ انہوں نے ماضی میں آئی ایم ایف پروگرام کو کامیابی سے مکمل کیاہے۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت موجودہ پروگرام کو بھی مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ اسحق ڈار نے مشن کے لیے اپنی تمام تر حمایت کو مزید بڑھایا اور توسیعی فنڈ سہولت (ای ایف ایف) کے تحت 9 ویں جائزہ کو مکمل کرنے کے لیے ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے مل کر کام کرنے کا عہد کیا۔
آئی ایم ایف کے مشن چیف مسٹر ناتھن پورٹر نے اس موقع پر اعتماد کا اظہار کیا کہ حکومت 9ویں جائزے کی تکمیل کے لیے آئی ایم ایف کی ضروریات پوری کرے گی اور امید ظاہر کی کہ پاکستان مختلف شعبوں میں اصلاحات پر اپنی پیش رفت کو جاری رکھنے کے ساتھ آئی ایم ایف پروگرام کو مؤثر طریقے سے بروقت مکمل کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف اور پاکستان مالیاتی اصلاحات پر مل کر کام کریں گے۔
Comments are closed.