ہفتہ 8 ؍شوال المکرم 1444ھ29؍اپریل 2023ء

پاکستان تباہی کے کنارے کھڑا ہے،ججزخداکے واسطےمتحد ہوجائیں، عمران خان

destruction

لاہور: سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کے 15 ججز سے اپیل کرتا ہوں خدا کے واسطے متحد ہو جائیں، پاکستان تباہی کے کنارے کھڑا ہے.

عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر انہوں نے پاکستان کے آئین کو ختم کیا تو جنگل کا قانون ہوگا، قوم کی طرف سے کہتا ہوں سپریم کورٹ ذاتی لڑائیوں کو تھوڑی دیر پیچھے چھوڑ دے۔

سابق وزیر اعظم کا کارکنان سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ رات کو بارہ بجے عدالت کھلنے پر تکلیف ہوئی، رات کو عدالت کھلنے کے علاوہ میں نے کبھی عدالتوں پر تنقید نہیں کی، ہمیشہ فیصلوں کا احترام کیا، جس قوم میں انصاف نہیں ہوتا وہ آزاد نہیں ہوتی، یہ پہلے مجھے کہتے تھے اگر الیکشن چاہئیں تو اسمبلیوں کو تحلیل کریں جب ہم نے اسمبلیاں تحلیل کیں تو اب بہانے لگا رہے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھاکہ قانونی ماہرین نے کہا اسمبلیوں کی تحلیل کے بعد 90 دن کے اندر الیکشن ہوں گے، یہ بھول جاتے ہیں سوشل میڈیا کا دور ہے، سوشل میڈیا پر آدھے گھنٹے میں جھوٹ پکڑا جاتا ہے، نواز شریف، شاہد خاقان عباسی پہلے کہتے تھے ایک دن الیکشن میں تاخیر نہیں ہو سکتی، یہ لوگ پہلے کہتے تھے اگر الیکشن نہیں ہوں گے تو آرٹیکل 6 لگے گا، اب 90 دن ہو گئے اور الیکشن نہیں ہو رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ 12 جماعتیں اسمبلی میں کہہ رہی ہیں کہ الیکشن نہیں ہوں گے، افسوس ہینڈلرز ان کے پیچھے کھڑے ہو گئے ہیں، الیکشن سے بھاگنے کیلئے لڑائیاں کروا رہے ہیں، چودھری پرویز الہیٰ کے گھر کا بکتر بند گاڑی سے دروازہ توڑا گیا، کسی مہذب معاشرے میں ایسا نہیں ہو سکتا، زمان پارک میں میرے گھر کے دروازے کو توڑا اور ملازمین پر تشدد کیا گیا، آج پاکستان میں جنگل کا قانون ہے یہ جو مرضی کر رہے ہیں۔

سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ظل شاہ کے جسم پر 26 جگہوں پر تشدد کے نشان تھے، وہ ایک معصوم انسان تھا، بے شرموں کو غیرت نہیں آئی اس کو مار کر کیس بھی میرے اوپر ڈال دیا، علی امین گنڈا پور کے خلاف پورے ملک میں کیسز بنائے جا رہے ہیں، اعظم سواتی کو بچوں کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا، میرے خلاف کیسز کی تعداد 145 ہو چکی ہے، غداری کے کیسز بھی بنائے گئے۔

ان کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کے 15 ججز سے کہتا ہوں قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے، آپ آئین کے ساتھ کھڑے ہوں، 90 دن گزر گئے نگران حکومتیں اب غیر قانونی ہیں، نگران حکومتوں کا کام الیکشن کروانا تھا، انہوں نے الیکشن کے حوالے سے ایک کام نہیں کیا، ابھی تک نگران حکومتیں کیوں بیٹھیں ہیں کون ان کے پیچھے ہے؟، صرف سپریم کورٹ سے انصاف کی امید ہے۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جب سے چور اقتدار میں آئے ادارے تباہ کر دیئے، نو لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، پرویز الہیٰ کے گھر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا گیا، عوام کو غصہ ہے اگر الیکشن کی امید لے لی تو سری لنکا سے برا حال ہوگا، اگرعوام کی امید ختم ہوگئی تو یہ سنبھالے نہیں جائیں گے، میں ڈرا نہیں رہا سمجھا رہا ہوں۔

You might also like

Comments are closed.