اسلام آباد: عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان پالیسی ریٹ میں اضافے پر اتفاق ہوگیا۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ میں وزارت خزانہ کے حکام کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ فریقین (پاکستان اور آئی ایم ایف) کے مابین اس سلسلے میں بات چیت گزشتہ رات گئے تک جاری رہی، جس میں عالمی مالیاتی ادارے کے حکام نے ہر نکتے کا تفصیلاً جائزہ لیا، جس کے بعد پاکستان کے ساتھ تکنیکی سطح کی بات چیت جاری ہے۔
وزارت خزانہ کے حکام کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف کے ساتھ پالیسی ریٹ بڑھانے پر اتفاق کرلیا ہے، جس سے متعلق کہا جا رہا ہے کہ اسے 2 فی صد تک بڑھایا جائے گا۔
فریقین کے مابین پالیسی ریٹ بڑھانے پر اتفاق کے بعد توانائی کے شعبے (پاور سیکٹر) سے متعلق تفصیلات طے ہونے کا مرحلہ جاری ہے، اس پر آئی ایم ایف اور پاکستان کے درمیان معاملات طے ہونے کے بعد اسٹاف لیول کا معاہدہ ہو جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کی جانب سے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے نمائندوں کو جون تک غیر ملکی زرمبادلہ حاصل ہونے کے تمام ذرائع پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی ہے، جس کے بعد عالمی ادارے کے حکام اُن ممالک سے بات بھی کررہے ہیں۔ وزارت خزانہ کے حکام کا کہنا ہے کہ فریقین کے درمیان بات چیت میں پاکستانی سیاسی معاملات پر کوئی بات چیت نہیں ہو رہی۔
Comments are closed.