جمعرات 8؍محرم الحرام 1445ھ27؍جولائی 2023ء

پارلیمنٹ نے الیکشن ترمیمی بل 2023ء منظور کرلیا

caretaker

اسلام آباد: پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں الیکشن ترمیمی بل 2023ء کثرت رائے سے منظور کرلیا گیا۔

پارلیمنٹ کا اجلاس اسپیکر راجا پرویز اشرف کی صدارت میں شروع ہوا، جس میں وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے الیکشن ترمیمی بل 2023ء پیش کردیا۔

ترمیمی بل کی منظوری پارلیمنٹ میں شق وار دی گئی۔ الیکشن ایکٹ 2023ء میں کل 54 ترامیم شامل کی گئی تھیں جب کہ بل کی شق 230 میں ہونے والی ترمیم بھی مجوزہ بل کا حصہ ہے، جس میں سب کلاز 2 اے میں ترمیم شامل ہے، جس کے مطابق نگراں حکومت کو اضافی اختیارات حاصل ہوں گے۔

ترمیم کے مطابق نگران حکومت کو ملکی معیشت کے لیے ضروری فیصلوں کا اختیار ہوگا اور نگراں حکومت بین الااقوامی اداروں اور غیرملکی معاہدوں کی مجاز ہوگی۔

دوران اجلاس وفاقی وزیر اقتصادی امور سردار ایاز صادق نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بہت سے لوگوں کو شق 230 لانے پر اعتراض تھا، یہ غلط فہمی تھی کہ اس شق کے ذریعے نگران حکومت کو اختیارات دینے کا مقصد اس کو طویل مدت تک چلانا ہے۔

بعد ازاں ایوان نے نگراں حکومت کے اختیارات میں اضافے کے حوالے سے الیکشن ایکٹ کی شق 230 کثرت رائے سے منظور کرلی۔ قبل ازیں سینیٹر مشتاق احمد خان نے بل میں ترمیم پیش کی، جسے ایوان نے کثرت رائے سے مسترد کردیا۔

بعد ازاں پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس 7 اگست صبح 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔

You might also like

Comments are closed.