اسلام آباد: نگراں حکومت نے بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کی شرط پر عمل کے لیے جون 2024ء تک 15 سے 20 لاکھ نئے افراد کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دے دی۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نئی قائم کی گئی تکنیکی کمیٹی 8 ارکان پر مشتمل ہے، جس کے سربراہ چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر ہیں۔ کمیٹی ایف بی آر کے براڈننگ آف ٹیکس بیس اینڈ آئی ٹی انفرا اسٹرکچر ٹرانسفارمیشن پلان پر عمل درآمد کرے گی۔ اس سلسلے میں نگراں حکومت کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ یہ کمیٹی ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کے لیے ڈیٹا انٹیگریشن اور ایف بی آر کے منصوبے پر عمل درآمد کے حوالے سے ایک ماہ میں سفارشات و تجاویز تیار کرے گی۔ دوسری جانب ایف بی آر نے تکنیکی کمیٹی کے قیام اور اس کے قواعد و ضوابط(ٹی او آر) کے بارے میں بھی سرکلر بھی جاری کردیا ہے۔
سرکلر کے مطابق چیئرمین نادرا کی سربراہی میں تشکیل دی گئی 8 رکنی کمیٹی کے ارکان میں ایف بی آر کے ارکان ان لینڈ ریونیو آپریشن میر بادشاہ خان وزیر، رکن انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈاکٹر ناصر خان، رکن ڈیجیٹل اقدامات ایف بی آر کرامت اللہ خان چودھری، نادرا کے چیف پراجیکٹس آفیسر گوہر احمد خان، نادرا کے این ڈی ڈبلیو کے ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ سید مشابر حسین ،ایف بی آر کے چیف انفارمیشن ٹیکنالوجی ذین العابدین ساہی اور پاکستان ریونیو آٹومیشن لمیٹڈ(پرال)کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر ملک شامل ہیں۔
Comments are closed.