اسلام آباد: وفاقی کابینہ کی جانب سے منظوری کے بعد سپریم کورٹ کے رجسٹرار عشرت علی کو ہٹانے کے لیے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹرٹیو سروس گریڈ 22 کے عشرت علی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس سلسلے میں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت میں وفاقی کابینہ کا خصوصی اجلاس پیر کو وزیر اعظم ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس نے دونکاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا۔
وزیر قانون سینیٹر اعظم نذیر تارڑ اور اٹارنی جنرل نے کابینہ کو مختلف امور پر بریفنگ دی۔کابینہ نے عدالت عظمیٰ کے حکم کے خلاف رجسٹرار سپریم کورٹ کی طرف سے سرکلر جاری کرنے کے معاملے پر غور کیا۔
کابینہ نے رجسٹرار سپریم کورٹ کی خدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا اور انہیں اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی۔
وفاقی کابینہ نے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے مطالبہ کیا کہ سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ 2023 پر فی الفور دستخط کریں تاکہ ملک کو آئینی وسیاسی بحران سے نجات مل سکے۔
Comments are closed.