وفاقی وزیر کے بھائی عمر گنڈاپور میئرشپ کیلیے نااہل قرار، علی امین گنڈا پور پر انتخابی سرگرمی پر پابندی عائد
الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی اور بلدیاتی امیدوار عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دے دیا۔
الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے ضابطہ اخلاق کی خلاف وزری سے متعلق علی امین گنڈا پور کیس کا فیصلہ سنا دیا۔
چیف الیکشن کمشنر نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی امیدوار عمر امین گنڈا پور ڈی آئی خان سٹی میئرکی نشست پر الیکشن نہیں لڑ سکیں گے۔
الیکشن کمیشن نے کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے علی امین گنڈا پور کے بھائی عمر امین گنڈا پور کو نااہل قرار دے دیا جبکہ وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو بلدیاتی انتخابی مہم میں شرکت سے روک دیا۔
تاہم الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈا پور کے ڈیرہ اسمعیل خان جانے پر پابندی ختم کر دی ہے اور کہا ہے کہ علی امین گنڈا پورگھریلو تقریبات میں شریک ہو سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ علی امین گنڈا پورنے پھر خلاف ورزی کی تو سخت کارروائی ہوگی۔
قبل ازیں الیکشن کمیشن نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کو ضلع بدر کرنےکا حکم دیا تھا تاہم اب ضلع بدری کی پابندی ختم کردی ہے لیکن انتخابی سرگرمی پر پابندی برقرار ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن بکاخیل بنوں سے پی ٹی آئی امیدوار مامون الرشیدکو بھی نااہل کر چکا ہے اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی محمد یعقوب شیخ پر 10 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا ہے۔
علاوہ ازیں الیکشن کمیشن نے پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی احمدکریم کنڈی کی گرفتاری کا نوٹس بھی جاری کیا ہے.
Comments are closed.