اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور مولانا عبدالشکور ایک روڈ حادثے میں جاں بحق ہوگئے۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق مولانا عبدالشکور میریٹ سے سیکرٹریٹ چوک کی جانب جارہے تھے کہ ایک ہائی لکس ریوو جس میں 5 آدمی سوار تھے نے مولانا عبدالشکور کی گاڑی کو ٹکر ماری۔
مولانا عبدالشکور کو زخمی حالت میں پولی کلینک اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑ گئے۔ اسلام آباد پولیس کے سینئر افسران موقع پر موجود ہیں جب کہ گاڑی اور سوار افراد کو پولیس حراست میں کے لیا گیا ہے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہبازشریف نے وزیر مذہبی امور مفتی عبدالشکور کے حادثے میں جاں بحق ہونے پر رنج وغم اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئےان کے اہل خانہ اور تمام وابستگان سے اظہار ہمدردی اور تعزیت کی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ مفتی عبدالشکور ایک باعمل عالم، ایک نظریاتی سیاسی کارکن اور نیک انسان تھے ۔ وہ جمعیت علماءاسلام (ف) کے متحرک اور نظریاتی رہنما ؤں میں شمار ہوتے تھے۔ انہوں نے وزیر مذہبی امور کے طور پر بڑی محنت، اخلاص اور ایمانداری سے فرائض انجام دیے۔ مفتی عبدالشکور کی دینی، ملی، قومی وسیاسی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، لواحقین کو صبر جمیل دے۔
Comments are closed.