اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ قوم کو پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بوجھ سے بچانے کیلئے 28 ارب روپے کے فنڈ سے پیکج کا آغاز کر رہے ہیں۔ غریب گھرانوں کو 2 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔
وزارت عظمی کا حلف اٹھانے کے بعد قوم سے اپنے پہلے خطاب میں شہباز شریف کاکہنا تھاکہ پاکستان آئین کے مطابق چلے گا، کسی ایک شخص کی ضد پر نہیں،موجودہ ملکی حالات میں وزیراعظم کا عہدہ سنبھالنا بڑا کڑا امتحان تھا یہ ذمہ داری میری جماعت اور اتحادی جماعتوں کی جانب سے سونپی گئی ہے اس پر میں اپنے قائد نوازشریف اور اتحادی جماعتوں کے قائدین کا شکر گزار ہوںتباہ گن حالات میں حکومت سنبھالنا مشکل فیصلہ تھا عوام نے مطالبہ کیا کہ ان کی جانب کرپٹ اور نااہل حکومت سے چھڑوائی جائے پہلی بار دروازے کھولے گئے پھلانگے نہیں گئے ہر شعبہ تباہی کی داستان سنارہا ہے جو سابق حکومت اپنے پونے چار سال میں پیچھے چھوڑ گئی ہے،ہم نے پاکستان کو بچانے کا چیلنج قبول کیا۔ ہمیں معلوم تھا کہ ملک کو بہتری کے راستے پر گامزن کرنے کے لیے بہت محنت درکار ہو گی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میں بتانا چاہتا ہوں ملک آئین کے تحت چلے گا کسی ایک شخص کی ضد اور دھونس سے نہیں،ماضی کے دور نفرت کی فصل بوئی گئی،اپنے مزموم سیاسی مقاصد کے لئے سفارتی خط کی سازش گھڑی گئی، نیشنل سکیورٹی کمیٹی نے دو مرتبہ کہا کہ ایسی کوئی سازش نہیں ہوئی۔ امریکہ میں سفیر نے بھی اسے رد کیا،ایک شخص اپنے منفی سیاسی ایجنڈے کی خاطر مسلسل جھوٹ بول رہا ہے ۔ سفارتی تعلقات کو نقصان پہنچا رہا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نواز شریف کے دور میں اس شخص نے دھرنے کا ڈرامہ رچایا تھا۔ اس وقت شی جن پنگ تاریخی معاہدے کے لیے آ رہے تھے جو تاخیر کا شکار ہو گیا،عوام کا تحٖظ یقینی بنانا حکومت کا فرض ہے۔ سابق حکومت جان بوجھ کر حقائق پر پردہ ڈال رہی ہے،آئی ایم ایف سے معاہدہ آپ نے کیا ان کی شرائط آپ نے مانیں عوام کو مہنگائی میں پھنسایا، ملک کو قرض میں دفن کر دیا، سب سے زیادہ کرپشن آپ کے دور میں ہوئی۔ لوڈ شیڈنگ ہوئی، آج معیشت کی سانس بند ہوئی تو اس کے ذمہ دار آپ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز دل پر پتھر رکھ کر پیٹرول کی قیمت میں اضافہ کیا لیکن یہ فیصلہ کیوں کیا یہ آپ کے سامنے لانا ضروری ہے۔ یہ فیصلہ پاکستان کو معاشی دیوالیہ پن سے بچانے کیلئے ناگزیر تھا، اس نہج پر پاکستان کو گزشتہ حکومت نے پہنچایا۔ پاکستان اور عوام کو معاشی بحران میں سابق حکومت نے پھنسایا۔ قوم کو پیٹرول کی قیمت میں اضافے کے بوجھ سے بچانے کیلئے 28 ارب روپے کے فنڈ سے پیکج کا آغاز کر رہے ہیں۔ غریب گھرانوں کو 2 ہزار روپے ماہانہ دیے جائیں گے۔ یہ ریلیف اس کے علاوہ ہے جو پہلے ہی ان خاندانوں کو دی جارہی ہے۔
Comments are closed.