اسلام آباد:وزیراعظم شہباز شریف نے کشمیری حریت پسند برہان مظفر وانی کے یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیریوں کی جراتمندانہ جدوجہد کو سلام کرتا ہوں۔
برہان وانی کی چھٹے یوم شہادت کے موقع پر خصوصی پیغام میں شہباز شریف نے کہاکہ جس قوم میں برہان وانی جیسے شیر بیٹے ہوں، انہیں ساری دنیا کی فوج مل کر بھی غلام نہیں بنا سکتی، برہان مظفر وانی بھارتی غاصبانہ قبضے کے خلاف کشمیریوں کی جراتمندانہ مزاحمت کا استعارہ و علامت بن چکا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ تعلیم سے محبت کرنے والے نوجوان برہان کو قابض بھارتی فوج نے ناحق ستایا اور کتاب چھین کر بندوق تھمانے پر مجبور کیا، برہان وانی قرآن پڑھانے والی ماں کے لخت جگر اور ایک استاد کے بہادر فرزند تھے۔
شہباز شریف نے کہا کہ برہان وانی نے بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف بے مثال جدوجہد اور عظیم قربانی سے حریت کشمیر کا ایک نیا باب لکھا ہے، جس قوم میں برہان وانی جیسے شیر بیٹے موجود ہوں، اسے 9لاکھ فوج تو کیا ساری دنیا کی فوج مل کر بھی غلام نہیں بنا سکتی۔اللہ تعالی برہان وانی سمیت تمام شہدا کے درجات بلند ، اہل خانہ کو صبر جمیل اور اجر عظیم عطا فرمائے۔
Comments are closed.