اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں چینی کا تمام ذخیرہ مارکیٹ میں فروخت کے لیے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
وزیرا عظم نے ملک میں گڈ گورننس سے متعلق اجلاس کی صدارت کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اچھی حکمرانی اور قیمتوں کو متعین کرنے کے بہتر طریقہ کارسے اشیاء کی قیمتوں کی موثر نگرانی کو یقینی بنانے کیلیے سخت محنت کر رہے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ سپلائی چین پر کنٹرول، قیمتوں کے موثر نفاذ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں پرخصوصی توجہ دے رہے ہیں، اس حوالے سے نظام کو مزید موثر بنایا جا رہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بین الاقوامی منڈی میں مہنگائی کے حالیہ رجحان کی وجہ سےپاکستان پراس کےاثرات پڑرہےہیں، منافع خوری اور ذخیرہ اندوزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ضلع اور تحصیل کی سطح پر مارکیٹ کمیٹیوں کو مزید موثر بنا کر عام آدمی کو زیادہ ریلیف فراہم کرنےکیلیے ضروری اقدامات کریں۔
Comments are closed.