لاہور: وزیراعظم شہبازشریف نے بجلی بحران میں کمی کے لیے بند پاور پلانٹس کو فوری طور پر بحال کرنے اور بجلی کی لوڈ شیڈنگ کی وجوہات واضح کرنے کا حکم دے دیا۔
شہباز شریف کی زیر صدارت ملک بھر میں جاری بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے متعلق لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر مملکت برائے پیٹرولیم مصدق ملک، وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، وزیر برائے توانائی انجینئرخرم دستگیر، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب، رکن قومی اسمبلی شاہد خاقان عباسی اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پبلک پالیسی اور اسٹریٹجک کمیونی کیشنز فہد حسین نے بذریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔
اجلاس میں ملک بھر میں جاری بجلی کے بحران پر تبادلہ خیال کیا گیا جس میں وزیراعظم نے بند پاور پلانٹس کی فوری بحالی کا حکم دیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت دی کہ انھیں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے رپورٹ فوری طور پر پیش کی جائے جس میں لوڈشیڈنگ کو وجوہات واضح کی جائیں۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے مزید ہدایت دی کہ صوبوں کو پینے کے پانی اور زرعی سہولیات کی فراہمی سے متعلق معاملات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور اس سلسلے میں ارسا صوبوں کے ساتھ باہمی مشاورت اور آزادی کے ساتھ فیصلہ کرے۔
Comments are closed.