کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کردیا ہے۔
نوشکی میں فوج کے جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دینے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، فوج کے جوانوں کو پیغام دینے کے لیے نوشکی آیا ہوں، پوری قوم پاک فوج کے جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ اپنی قوم کے لیے جان دینے والوں کا خاص رتبہ ہوتا ہے، ہمارے جوانوں نے دہشتگردی کا دلیری سے مقابلہ کیا، بلوچستان میں دہشتگردی کے لیے دشمن قوتوں کی فنڈنگ ہے، غیرملکی قوتیں پاکستان کو تقسیم کرنا چاہتی ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کے لیے فنڈز فراہم کر رہے ہیں، کسی حکومت نے اتنے فنڈز بلوچستان میں نہیں لگائے جتنے ہم نے لگائے، بلوچستان میں اتنی ترقی ہوگی کہ دہشت گردوں کی کوئی بات نہیں سنے گا۔
انہوں نے کہا کہ سی پیک کے اگلے فیز میں سب سے زیادہ فائدہ بلوچستان کو ہوگا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پوری دنیا میں مہنگائی کا سیلاب آیا ہوا ہے، پورا احساس ہے ہمارا تنخواہ دار طبقہ تکلیف میں ہے، پوری کوشش ہے لوگوں کی آمدنی میں اضافہ کریں، عالمی سطح پر تیل مہنگا ہونے سے پوری دنیا پر اثرات آتے ہیں، جیسے جیسے معیشت بہتر ہوگی، تنخواہوں میں اضافہ کرتے جائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ چمن سے کوئٹہ اور کراچی تک ہائی وے کے لیے رقم مختص کر دی۔
Comments are closed.