اسلام آباد:نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے پاکستان میں بجلی چوری کے معاملے پر اہم اجلاس طلب کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق اجلاس سہ پہر وزیراعظم ہاؤس میں ہوگا جس میں پاور ڈویژن بجلی چوری کی صورتحال پر بریفنگ دے گا، وزارت داخلہ بجلی چوری کی روک تھام کے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دے گی۔
ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ سرفراز بگٹی اور حکام وزیراعظم کاکڑ کو جاری آپریشنز کے حوالے سے بریفنگ دیں گے،صوبوں میں بجلی چوری کی روک تھام سے متعلق اقدامات کا بھی جائزہ لیا جائے گا، انوار الحق کاکڑ کو بجلی چوری میں ملوث افراد کی گرفتاری اور قانونی چارہ جوئی سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ ملاقات کے دوران نگراں وزیراعظم انوار الحق وزارت توانائی اور داخلہ کو مستقبل کا اسٹریٹجک پلان فراہم کریں گے۔
دوسری جانب وزارت داخلہ نے بجلی چوری اور روک تھام کے اقدامات سے متعلق رپورٹ تیار کر لی ہے جسے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی پیش کریں گے۔
Comments are closed.