ہفتہ یکم صفر المظفر 1445ھ19؍اگست 2023ء

نگراں حکومت نے اخراجات میں کمی اور معیشت کی بحالی کیلیے کمیٹی قائم کردی

اسلام آباد: نگراں حکومت کی جانب سے حکومتی اخراجات میں کمی اور ملکی معیشت کی بحالی کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

نگراں وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ اخراجات کم کیے جائیں۔ علاوہ ازیں کابینہ کے اجلاس میں معیشت کی بحالی کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت کابینہ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں حکومت نے اپنی پہلی ترجیح معیشت کو بہتر کرنے کو قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق نگراں حکومت اپنی تمام ذمے داریاں پوری کرے گی جب کہ ملک میں آزادانہ، منصفانہ اورپرامن الیکشن کے لیے بھی پرعزم ہیں۔

نگراں وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی خرید کر کم قیمت پر فروخت کرنے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔  کابینہ کو سرکاری اخراجات کم کرنے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کابینہ اجلاس کے بعد چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات ہوئی، چیف الیکشن کمشنر نے ملاقات میں ہمیں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے، الیکشن کے دن پہلا ووٹ نگران وزیراعظم اور پھر کابینہ کے ارکان ڈالیں گے۔

جڑانوالہ واقعے پر بات کرتے ہوئے مرتضیٰ سولنگی نے کہا کہ ریاست کی طاقت اقلیتوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ تمام شہریوں کو برابر انسانی حقوق حاصل ہیں۔ جڑانوالہ واقعے پر ہر فرد نے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ کابینہ نے ملک میں صوفی ازم کو فروغ دینے پر زور دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اپنے حلف کی پاسداری کریں اور اپنی ذمے داریاں آئین و قانون کے مطابق انجام دیں۔

You might also like

Comments are closed.