اسلام آباد:وزیراعظم محمد شہبا ز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کا مستقبل اور خوشحالی کی ضمانت ہیں، قوم کی ترقی کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ان پر سرمایہ کاری سے بڑھ کر کچھ نہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لیپ ٹاپ نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور کامیاب پروفیشنل بننے کا ذریعہ بنا، دیہی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو بھی 5ارب روپے کے زرعی قرضے فراہم کئے جائیں گے،ہم آئی ٹی کے شعبے میں ہمسایہ ملک کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے اور پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے، میرا بس چلے تو ایک لاکھ نہیں بلکہ ایک کروڑ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کروں۔
جمعہ کوجناح کنونشن سنٹر میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ جب میں خادم پنجاب تھا تو نوجوانوں میں لاکھوں لیپ ٹاپس تقسیم کئے، پنجاب ایجوکیشن انڈوومنٹ فنڈ سے بے شمار طلباکو تعلیمی وظائف فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کیا ان میں سے بہت سے طلباو طالبات آج ڈاکٹرز، انجینئرزاور کامیاب پروفیشنلزبن چکے ہیں اور پاکستان کی خدمت کررہے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے روشن مستقبل کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے، میرادل چاہتا ہے کہ ہر نوجوان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دوں ، کوویڈ 19کی عالمگیر وبا آئی تو درسگاہیں بند ہو گئیں یہ لیپ ٹاپ ہی تھا جو نوجوانوں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے اور کامیاب پروفیشنل بننے کا ذریعہ بنا۔
انہوں نے کہا کہ جدید دور کے تقاضوں کے مطابق قوم کے ہر بچے جس کے پاس علم ہے اور محنت کرنا چاہتا ہے اسے اپنا پیٹ کاٹ کر لیپ ٹاپ فراہم کریں گے،یہ لیپ ٹاپ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کمانے کے قابل بنانے کا ذریعہ بھی بنا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ایک سال کے دوران نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کئے جائیں گے،اس کے لئے بجٹ میں رقم مختص کردی گئی ہےاور یہ لیپ ٹاپ کسی سفارش پر نہیں بلکہ خالصتا میرٹ پر ملے گا۔
وزیرعظم شہبازشریف نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لئے 5ارب روپے مختص کئے گئے ہیں ، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو بھی 5ارب روپے کے زرعی قرضے فراہم کئے جائیں گے،وزیراعظم نے اس یقین کا اظہارکیا کہ نوجوانوں کی محنت رنگ لائے گی اور ہم آئی ٹی کے شعبے میں ہمسایہ ملک کو بھی پیچھے چھوڑ دیں گے اور پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میرا بس چلے تو ایک لاکھ نہیں بلکہ ایک کروڑ لیپ ٹاپ نوجوانوں میں تقسیم کروں کیونکہ یہی لیپ ٹاپ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا ذریعہ بنیں گے،وزیراعظم نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کے دلخراش واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے دن پوری قوم نے دنیا کو یہ باور کرانے کے لئے احتجاج کیا کہ کوئی مسلمان قرآن مجید کی بے حرمتی برداشت نہیں کر سکتا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے فیتہ کاٹ کر پورے پاکستان کے طلبا وطالبات میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کا افتتاح کیا، وزیراعظم نے تقریب میں شریک مختلف یونیورسٹیوں کے نمایاں تعلیمی قابلیت کا مظاہرہ کرنے والے طلبا وطالبات میں خود لیپ ٹاپ تقسیم کئے۔
Comments are closed.