اسلام آباد: نواز شریف، آصف زرداری سمیت دیگر سیاست دانوں کے کرپشن کیسز نیب نے بحال کردیے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق نیب کی جانب سے احتساب عدالت کو باقاعدہ خط لکھ دیا گیا ہے، جس میں نواز شریف، آصف زرداری اور دیگر سیاست دانوں کے خلاف 80 کرپشن کیسز بحال کرنے کا کہا گیا ہے۔
قومی احتساب بیورو (نیب) نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کے پیش نظر اسلام آباد کی نیب کورٹ میں 80 کرپشن کیسز دوبارہ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سلسلے میں احتساب عدالت کے رجسٹرار کو خط میں بتایا گیا ہے کہ کل کیسز کا ریکارڈ عدالت میں پیش کردیا جائے گا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ عدالتی حکم پر سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری، مسلم لیگ ن کے قائد اور سابق وزیراعظم نواز شریف، سابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، لیگی رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت 80 کیسز بحال کردیے گئے ہیں۔ علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف بھی آمدن سے زائد اثاثہ جات کا داخل دفتر کیا گیا کیس دوبارہ کھولا جارہا ہے۔
ذرائع نیب کورٹ کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف جعلی اکاؤنٹ کیسز بھی بحال ہوگئے ہیں۔ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کیس کھل گیا۔ نواز شریف، آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف توشہ خانہ گاڑیوں کا کیس بھی کھل گیا ہے۔ نیب فہرست کے مطابق کل ریکارڈ عدالت میں پیش کرے گا۔
Comments are closed.