جمعرات 24؍ربیع الثانی 1445ھ9؍نومبر 2023ء

نقل مکانی کرنیوالے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملہ، متعدد شہید

مقبوضہ بیت المقدس:قابض صہیونی فوج نے نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں پر ایک بار پھر حملہ کرتے ہوئے متعدد افراد کو شہید کردیا۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق فلسطینی علاقوں خصوصاً غزہ میں اسرائیل بمباری کا سلسلہ مستقل جاری ہے۔ اس دوران رفح میں نقل مکانی کرنے والے نہتے مظلوم اور بے گھر فلسطینیوں پر حملہ کرکے اسرائیلی فوج نے متعدد افراد کو شہید کردیا۔

اطلاعات کے مطابق اسرائیلی بمباری سے ہونے والی تباہی کے نتیجے میں بے گھر ہوکر نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں  کو اسرائیلی فوج کے نشانہ بازوں نے قتل کرنا شروع کردیا ہے۔ کئی مقامات پر فائرنگ اور دیگر حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت کئی فلسطینیوں کو قتل کردیا گیا ہے۔ نجی ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ نقل مکانی کرنے والے فلسطینیوں کی لاشیں سڑکوں پر ڈھیر کی صورت پڑی ہیں جب کہ اس حوالے سے وائرل ہونے والی کچھ ویڈیوز دل دہلا دینے والی ہیں۔

 

صیہونی فوج نے جبالیہ میں اقوام متحدہ کی ایک پناہ گاہ پر بھی حملہ کیا، شمالی غزہ  سے فوج نکالنےکے بعد اسرائیل نے غزہ  پر بمباری تیز کردی اور  زیادہ شدت والے بموں کا استعمال کیا ہے، جس کے نتیجے میں 24 گھنٹوں میں مزید 120 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے۔

اُدھر خان یونس کے علاقے میں گھر پر بمباری سے صلاح خاندان کے14 افراد شہید ہوگئے اور  متعدد  زخمی ہوئے، خان یونس کے گھر میں غزہ کے مختلف علاقوں کے بے گھر  افراد پناہ لیے ہوئے تھے۔

یاد رہے کہ اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی مجموعی تعداد  22  ہزار  313 ہوگئی ہے۔

You might also like

Comments are closed.