جسٹس عمر عطا بندیال نے چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
اسلام آباد میں ایوان صدر میں منعقدہ حلف برداری کی تقریب میں صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے عہدے کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان، وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وفاقی برائے صوبائی برائے کھیل و بین الاقوامی روابط فہمیدہ مرزا، وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت وفاقی کابینہ کے دیگر وزرا، مسلح افواج کے افسران اور وکلا برادری نےشرکت کی۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے گزشتہ روز سابق چیف جسٹس گلزار احمد کے عہدے سے ریٹائرڈ ہونے کے بعد باضابطہ چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔
جسٹس عمر عطا بندیال آج سے 28 ویں چیف جسٹس آف پاکستان کی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔
عہدے کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد جسٹس عمر بندیال کی میز پر 51 ہزار 766 مقدمات فیصلے کے منتظر ہوں گے، پاکستان کی اعلیٰ عدالتوں اور ضلعی عدالتوں میں کم و بیش 21 لاکھ کیسز زیر التوا ہیں۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال 16 ستمبر 2023 تک عہدے پر خدمات انجام دیں گے جس کے بعد یہ عہدہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سنبھالیں گے۔
سنیارٹی اسکیم کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسی 25 اکتوبر 2024 تک چیف جسٹس رہیں گے جس کے بعد 282 ایام کے لیے جسٹس اعجازالاحسن عہدے پر تعینات ہوں گے۔
بعدازاں 4 اگست 2025 سے جسٹس منصور علی شاہ عہدہ سنبھالیں گے۔
Comments are closed.