ہفتہ 12؍ذوالحجہ 1444ھ یکم؍جولائی 2023ء

مہنگی بجلی کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، پیٹرولیم کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گا، وزیر خزانہ

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نےکہا ہے کہ مہنگی بجلی کی قیمتیں مزید بڑھیں گی، پیٹرولیم کی قیمت میں بھی اضافہ ہو گا،  ہم اپنے تمام وعدے پورے کریں گے، جو تباہی ہوئی ہے اسے ریکور کرنا ہے، پچھلے 10 روز میں آئی ایم ایف کو آمادہ کیا، چاہتے تھے آئی ایم ایف کا پروگرام 9 ماہ سے زیادہ کا نہ ہو، پاکستان ڈیفالٹ ہونے والا ملک نہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے  وزیر خزانہ نے کہا کہ وزیراعظم نے آئی ایم ایف معاہدے میں بہت دلچسپی لی، وہ قوم پر 215 ارب روپے کا ٹیکس لگانے سے ہچکچارہے تھے، معاشی پروگرام میں سپہ سالار اپنا حصہ ڈال رہے ہیں جبکہ  چین نے بھی بھرپور تعاون کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پچھلے چار سال میں وسائل سے زیادہ اخراجات کیے، آئی ایم ایف سے معاہدہ قوم کی کامیابی ہے، ہمارا پروگرام نو ماہ کے لیے ہے جس کا حجم ڈھائی ارب ڈالر کا ہے، معاہدے سے پاکستان کو تین ارب ڈالر ملیں گے۔

وفاقی وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سری لنکا بننے والا ملک نہیں ہے، اگر آئی ایم ایف نہ بھی ہوتا تو ہمارا دوسرا پلان تھا، پلان بی میں بھی ہم نے ڈیفالٹ نہیں کرنا تھا، جو تباہی ہوئی ہے اسے ریکور کرنا ہے، رونے دھونے سے کچھ نہیں ہو گا۔

You might also like

Comments are closed.