لاہور:امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے کہ مفادات کی سیاست نے ملک تباہ کردیا ، عوام مہنگائی اور بیروزگاری کی چکی میں پس رہے ہیں، تینوں بڑی جماعتوں نے اپنے دور اقتدار میں مسائل کم کرنیکی بجائے ان میں اضافہ کیا۔
سراج الحق نے کہا کہ سیاسی پارٹیوں کو دانشمندی کا ثبوت دینا ہوگا، جاگیرداروں ، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے اقتدار میں رہ کر اپنی نسلوں کے لیے مال جمع کیا، عوام کی کسی کوفکر نہیں۔ کرپشن اور مافیاز نے تمام ادراے تباہ کردیے۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ ایماندار اور اہل قیادت کو آگے لائے اور ملک میں اسلامی نظام کے نفاذ کے لیے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا ساتھ دے، سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے کہ شدید پولرائزیشن کا شکار عوام میں دوریاں ختم کرنے کے لیے کردار ادا کریں۔ ملک کسی مزید مہم جوئی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ الیکشن ریفارمز کے ساتھ انتخابات مسائل کا حل ہیں۔
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت نے آتے ہی سابقہ حکومت والے کام شروع کردیے، ملک کب تک آئی ایم ایف کے اشاروں پر چلتا رہے گا۔ سودی نظام کو ختم کرکے اسلامی معیشت کا ماڈل اپنانا ہوگا۔
سراج الحق کا کہنا تھا کہ سود اللہ تعالی سے جنگ ہے، اس جنگ کو ختم کیے بغیر ترقی و خوشحالی حاصل نہیں ہوسکتی، جماعت اسلامی قوم کو اللہ کے نظام کی طرف بلا رہی ہے، ظالموں کا ساتھ دیا جاتا رہا تو اللہ کی خوشنودی حاصل نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ سازشی اورملک دشمن عناصر درحقیقت اس ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔یہ ملک ہمارے پاس ہمارے بزرگوں کی امانت ہے۔ہمیں یقین ہے کہ ہم ایک دوسرے کے لیے امن اور خیر سگالی کے ساتھ اکٹھے ہو سکتے ہیں۔
Comments are closed.